راولپنڈی(نمائندہ جنگ /ایجنسیاں)انڈیا کی مہم جوئی ‘ پاکستان کا منہ توڑجواب ‘پاک فوج نے لائن آف کنٹرول پر ایک ہی روز میں بھارتی فوج کے 2 کواڈ کواپٹر مار گرائےجبکہ پاک فوج کے ترجمان لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے پاکستان میں بھارت کی ریاستی دہشت گردی کے ثبوت پیش کرتے ہوئے کہاہے کہ پہلگام واقعے کو 7 دن ہوگئے ہیں لیکن ابھی تک الزامات کے کوئی ثبوت نہیں پیش کیےگئے‘وہاں صرف زبانی جمع خرچ چل رہا ہے‘ 25 اپریل کو بھارتی تربیت یافتہ دہشت گرد عبدالمجیدکو جہلم سے پکڑا گیا‘ گرفتار ملزم سے ڈھائی کلو گرام وزنی بم ‘اس کےگھر سے انڈین ساختہ ڈرون اور دس لاکھ روپے برآمد ہوئے‘ دہشت گردکے موبائل فون سے بھارت میں ہوئی بات چیت پکڑی گئی‘اس کی کمیونی کیشن بھارت میں صوبیدار سکھویندر سے ہو رہی تھی‘پاکستان کو کوئی طاقت ختم نہیں کرسکتی۔ تفصیلات کے مطابق منگل کو پریس کانفرنس میں ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری کاکہناتھاکہ انڈیا اپنی فوج کے ذریعے پاکستان میں ہونے والی دہشت گردی میں براہ راست ملوث ہے‘بھارتی فوجی افسران میجر سندیپ ورما،صوبیدار سکھویندر، حوالدار امیت اور ایک سپاہی دہشت گردوں کی آن لائن تربیت اور فنڈنگ کرتے ہیں ،یہ گفتگو اور چیٹ پکڑ لی گئی ہے ، گرفتار دہشت گردوں نے بھی اعتراف کرلیا ہے۔ ہم آپ کے سامنے بھارت کی ریاستی دہشت گردی کے مکمل ثبوت پیش کر رہے ہیں‘بھارت خود ریاستی دہشت گردی کر رہا ہے،25 اپریل کو بھارتی تربیت یافتہ دہشت گرد عبدالمجیدکو جہلم کے قریب بس اڈے سے پکڑا گیا، گرفتار ملزم سے ڈھائی کلو گرام وزنی بم برآمد ہوا، اس کےگھر سے انڈین ساختہ ڈرون اور دس لاکھ روپے برآمد ہوئے، اس دہشت گردکا ہینڈلر بھارت کا ایک فوجی ہے، اس ہینڈلر کی گرفتار ہونے والے دہشت گرد سےگفتگو بھی سامنے آئی ہے۔