اسلام آباد(نمائندہ جنگ )وزیر اعظم شہباز شریف نے ڈیجیٹل فارن ڈائریکٹ انویسٹمنٹ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ دودہائیوں کی نسبت آج کی ڈیجیٹل دنیا یکسر تبدیل ہو چکی ، عالمی سرمایہ کار آئی ٹی شعبہ میں سرمایہ کاری کریں،غیر متزلزل کاوشوں سے پاکستان آئی ٹی شعبہ میں دنیا کی صف میں کھڑاہوگاجبکہ گلوبل چیف ایگزیکٹو آفیسر رائل فرائیسلینڈ کمپینا اور اینگرو پاکستان جون ڈیرک وین کارنیبیک کی زیر قیادت وفد سے ملاقات میں وزیراعظم نے کہا کہ ڈیری مصنوعات کی ویلیو ایڈیشن میں سرمایہ کاری کا خیرمقدم کریں گے۔علاوہ ازیں قازق وزیر ٹرانسپورٹ سے ملاقات میں وزیراعظم نے ہدایت دی کہ پاکستان ،قازقستان ریل لنک کی فیزیبلٹی پر کام شروع کیا جائے۔تفصیلات کے مطابق منگل کو وفاقی دارالحکومت میں ڈیجیٹل فارن ڈائریکٹ انویسٹمنٹ کانفرنس سے خطاب کرتےہوئے وزیراعظم نے کہا کہ ڈیجیٹل دنیا آج تمام شعبوں میں غیر معمولی اثر رکھتی ہے، پاکستان کی 60 فیصد آبادی نوجوانوں پر مشتمل ہے جو ڈیجیٹل دنیا میں دستیاب بڑے مواقع سے استفادہ کر سکتے ہیں، انہوں نے تمام سرمایہ کاروں اور نارتھ امریکا سمیت دیگر کی کمپنیوں کو دعوت دی کہ وہ زراعت کو جدید ٹیکنالوجی سے آراستہ کرنے ، برآمدات بڑھانے ، صنعت کے فروغ اور پاکستان میں مفید روزگار کو فروغ دینے کے حوالے سے ہمارے ساتھ مل کر کام کریں۔انہوں نے اس موقع پر پاکستان میں اپنے روسی شراکت دار کے ہمراہ 50 کروڑ ڈالر کی سرمایہ کاری کرنے کااعلان کرنے والی پاکستانی شخصیت کو خصوصی طور خراج تحسین پیش کیا۔انہوں نے ڈیجیٹل کوآپریشن آرگنائزیشن کی سیکرٹری جنرل دیماالیحییٰ سمیت دیگر مہمانو ں کا خصوصی شکریہ ادا کرتےہوئے تمام شرکا کو پاکستان میں سرمایہ کاری کی دعوت دیتے ہوئے کہا کہ وہ اس خواب کو حقیقت میں بدلنے کے لئے ذاتی طور پر رہنمائی اور کوشش کرینگے۔