کراچی (اسٹاف رپورٹر) جامعہ کراچی کے قریب واٹر کارپوریشن کی 84 انچ قطر کی لائن سائفن نمبر 19 پھٹ ہوگئی، جس کی وجہ سے آج سے کئی علاقوں کو پانی کی کمی کا سامنا ہوگا۔ ترجمان واٹر کارپوریشن کا کہنا ہے کہ مرمتی کام کے دوران شہر کے مختلف علاقوںجمشید ٹاؤن، جناح ٹاؤن، لیاقت آباد، ناظم آباد، پاک کالونی، گولیمار، شیرشاہ، اولڈ سٹی ایریا، لانڈھی، کورنگی اور پی اے ایف بیس مسرور وغیرہ میں پانی کی فراہمی جزوی طور پر معطل رہے گی، متاثرہ لائن کی مرمت کا کام 96 گھنٹوں میں مکمل کرلیا جائیگا،شہری احتیاط سے پانی استعمال کریں۔ تفصیلات کے مطابق واٹر کارپوریشن کی 84 انچ قطر کی لائن سائفن نمبر 19 پھٹ ہوگئی، جسکے باعث کراچی یونیورسٹی کے اندر اور اطراف کے علاقوں میں پانی کی بڑی مقدار جمع ہوگئی اور متاثرہ علاقہ کسی جھیل کا منظر پیش کرنے لگا، مذکورہ لائن پھٹنے کے باعث بدھ سے شہر کے متعدد علاقوںمیں پانی کی فراہمی جزوی معطل رہے گی۔ ترجمان واٹر کارپوریشن کے مطابق چیف ایگزیکٹو آفیسر (سی ای او) احمد علی صدیقی نے متاثرہ لائن کی فوری مرمت کے احکامات جاری کر دیے ہیں اور مرمتی کام 96 گھنٹوں میں مکمل کرلیا جائے گا۔