• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

یوم مئی، مختلف سیاسی اور مذہبی جماعتوں کی جانب سے ریلیوں، تقریبات کا انعقاد

کراچی ( اسٹاف رپورٹر) مختلف سیاسی اور مذہبی جماعتوں کی جانب سے یوم مئی کی مناسبت سے ریلیا ں نکالی گئیں اور تقریبات کا انعقاد کیا گیا ،تفصیلات کے مطابق صوبائی وزیر بلدیات و صدر پاکستان پیپلز پارٹی کراچی ڈویژن سعید غنی نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی ملک کے مفادات کی محافظ ہے، ہمارے قائدین نے صوبے، ملک اور ایک ایک شخص کے مفادات پر کسی کو سودے بازی نہیں کرنے دیگی ،سندھ کے عوام نے کینالز پر اپنی سیاست چمکانے والوں کا خاتمہ کردیا ، یہ بات انھوں نے پاکستان پیپلز پارٹی کراچی ڈویژن کے تحت پاکستان زندہ باد ریلی سے خطاب کرتے ہوئے کہی،ریلی ٹاور تا سندھ اسمبلی نکالی گئی،ریلی کی قیادت سعید غنی، جاوید ناگوری دیگر وزرا ارکان قومی و صوبائی اسمبلی، سینیٹرز و دیگر قائدین نے کی، شرکاء سندھ اسمبلی چوک پہنچے تو ریلی نے جلسہ کی صورت اختیار کرلی ، ریلی کے شرکاء نے اپنے ہاتھوں میں پاکستان اور پارٹی کے پرچم تھام ہوئے تھے ،سعید غنی نے مزید کہا کہ ہماری قیادت نے کینالز پر سی سی آئی میں اپنا مضبوط اور دو ٹوک موقف اختیار کرکے   متنازع   منصوبے کو اس کے منتقی انجام تک پہنچا کر سندھ کے مفادات کا سودا کرنے والوں کو منہ توڑ جواب دے دیا ہے،انہوں نے کہا کہ ہمارے ملک میں دہشت گردی کے واقعات میں بھارت براہ راست ملوث رہا ہے، ہمارے کتنے ہی سیاسی اختلافات ہوں لیکن بھارت کے خلاف پاکستانی قوم میں کوئی تقسیم نہیں،علاوہ ازیںپاکستان سنی تحریک کے زیر اہتمام تقریب سے   مرکزی صدر انجینئر محمد ثروت اعجاز قادری نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ملک و قوم کی فلاح و بہبود کے لیے محنت کشوں کی لازوال قربانیاں ہیں،لیبر ڈیپارٹمنٹ میں صرف فیکٹریاں اور کمپنیوں میں کام کرنے والے مزدور رجسٹرڈ ہیں،حکمران یومیہ اجرت پر کام کرنے والے لاکھوں مزدوروں کی فلاؤ بہبود کے لیے بھی کام کریں،دریں اثناء ایم کیو ایم کے سنیئر رہنما ڈاکٹر فاروق ستار، اپوزیشن لیڈر سندھ اسمبلی علی خورشیدی نے کہا ہے کہ یومِ مزدور محنت کشوں کی عظمت کو سلام پیش کرنے کا دن ہے، مزدوروں کے حقوق کا تحفظ ایم کیو ایم کی اولین ترجیح ہے ،ہر مزدور کو بہتر اجرت، تحفظ اور سہولتیں دینا حکومت کی ذمے داری ہے ، شیعہ علماء کونسل پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ شبیر حسن میثمی نے محنتی اور جفاکش مزدوروں کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ یکم مئی کی طرح غزہ کے مزدوروں کے نام بھی ایک دن منسوب کیا جائے،کسی بھی ملک،قوم اور معاشرے کی ترقی میں مزدوروں کا کردار بہت اہم ہوتا ہے مگر سب سے زیادہ حق تلفی بھی انہی کی کی جاتی ہے۔

شہر قائد/ شہر کی آواز سے مزید