کراچی (اسٹاف رپورٹر)کراچی ناردرن بائی پاس پر 19اپریل سے لگنے والی مویشی دوست منڈی میں،ہزاروں گائے، بیل، بچھڑے ، بکرے اور اونٹ پہنچ گئے ، انٹری گیٹ سے ایڈمنسٹریشن بلاک تک ایس ایم ڈیز نصب کی جاچکی ہیں، بکروں کے وی آئی پی بلاکس کی بکنگ کا آغاز آج ہوگا،تفصیلات کے مطابق قربانی کیلئے جانور پنجاب ،سندھ بلوچستان اور کراچی کے مختلف فارم ہائوس سمیت راجن پور،احمد پور شرقیہ، نوشہروفیروز،کنڈیارو اور ہالانی سے ٹرکوں اور ٹرالرز کے ذریعے لائے گئے ہیں اور یہ چھوٹے بڑے خوبصورت جانور مویشی منڈی کی زینت بن رہے ہیں ، یکم مئی کو چھٹی کی وجہ شہریوں کی بڑی تعداد نے مویشی منڈی کا رخ کیا۔