کراچی( افضل ندیم ڈوگر )وفاقی دارالحکومت اور پنجاب کے مختلف علاقوں میں طوفان باد و باراں اور شدید بارش سے اسلام اباد لاہور سیالکوٹ ایئرپورٹس کا فلائٹ اپریشن متاثر ہوا جہاں کی 9 پروازوں کو متبادل ایئرپورٹس پر لینڈ کرایا گیا جبکہ 50پروازیں تاخیر کا شکار اور دیگر وجوہات کی بنا پر 8 پروازیں منسوخ کی گئیں۔ ایئرپورٹ ذرائع کے مطابق جمعرات کی شام اسلام آباد کا موسم ابر الود ہوا تیز ہواؤں کے ساتھ بارش کی وجہ سے فلائٹ اپریشن متاثر ہوا۔ ابوظہبی اسلام اباد پہنچی پرواز پی کے 262پشاور، شارجہ اسلام آباد پی کے 182کراچی، ابوظہبی اسلام اباد ای وائی 300 کو ملتان، کراچی اسلام اباد پی کے 308 ملتان، کوئٹہ اسلام اباد ایف ایل 857 پشاور، کوالالمپور اسلام اباد پی کے 895 کی لاہور، پشاور روانہ پرواز پی کے 350 کو واپس کراچی، مسقط سیالکوٹ پی ایف 737 کو لاہور اور کراچی لاہور پی اے 406 کو ملتان ایئرپورٹ پر اتارا گیا۔ ایوی ایشن ذرائع کے مطابق ان پروازوں کو اترنے کیلئے اسلام اباد اور لاہور ایئرپورٹس پر گھنٹوں فضا میں چکر لگانا پڑے بعد ازاں لاہور اسلام اباد کا موسم بہتر ہونے پر یہ پروازیں منازل پر گئیں۔ علاوہ اذیں مذکورہ ایئرپورٹس کی 50 سے زائد پروازوں کی روانگی میں تاخیر ہوئی۔ اسلام اباد گلگت دبئی سے لاہور اور اسلام اباد کی 8 پروازیں منسوخ کی گئیں۔