• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بھارتی جنگی جنون کیخلاف پاکستان کی ہندو برادری میدان میں آگئی

کوئٹہ(پ ر)پہلگام واقعہ کے بعد بھارت کے جنگی جنون کے خلاف پاکستان کی ہندو برادری بھی میدان میں آگئی ،گزشتہ روز ہندو پنچائیت کوئٹہ کے زیر اہتمام بھارت کے خلاف ریلی نکالی گئی جس کی قیادت پارلیمانی سیکرٹری اقلیتی امور سنجے کمار نے کی۔ ریلی میں سیکڑوں ہندو پاکستانیوں نے شرکت کی جو آریا مندر سے شروع ہو کر مختلف راستوں سے ہوتی ہوئی پی سی کیو تک پہنچی،پر ریلی کے شرکاء پاکستان زندہ باد بھارت مردہ باداور پاک فوج زندہ باد کے نعرے لگاتے رہے۔اس موقع پر مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے پارلیمانی سیکرٹری سنجے کمار نے کہا کہ بھارت اپنے اندرونی ہر واقعہ کا الزام پاکستان پر لگادیتا ہے جو اس کی عادت بن گئی ہے، پہلگام واقعہ کے فوری بعد بھارت کی جانب سے موردالزام ٹھہرانا قابل مذمت ہے ۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف نے پہلگام واقعہ کی تحقیقات میں تعاون کی پیشکش کرکے بھارت کو لاجواب کر دیا ،بھارت کا اصل ذمہ داروں کو ڈھونڈنے کی بجائے جنگی جنون کا مظاہرہ واقعہ کے فالس فلیگ آپریشن ہونے کا ثبوت ہے۔ سنجے کمار نے کہا کہ ہندو برادری سمیت تمام اقلیتیں اپنی بہادر افواج کے ساتھ مل کر پاکستان کا دفاع کریں گی، بھارت اقلیتوں اور بے گناہ انسانوں کامقتل بن چکا ہے، انہوں نے کہا کہ پاکستان میں ہمیں مذہبی اور تمام آزادیاں حاصل ہیں، پاکستان ہمارا گھر ہے، جان دے کر بھی اس کی حفاظت کریں گے۔
کوئٹہ سے مزید