فہد مصطفیٰ اور رجب بٹ کے تنازع پر یوٹیوبر اذلان شاہ نے خاموشی توڑ دی۔
پاکستان کے معروف اداکار فہد مصطفیٰ اور یوٹیوبر رجب بٹ کے درمیان سوشل میڈیا پر چلنے والی نوک جھونک میں اب ایک اور مشہور یوٹیوبر اذلان شاہ بھی میدان میں آ گئے ہیں۔
فہد مصطفیٰ کے فیملی وی لاگنگ سے متعلق تبصرے پر ردعمل کا سلسلہ جاری ہے اور اذلان نے اس تنازع پر اپنا مؤقف کھل کر بیان کیا ہے۔
فہد مصطفیٰ نے ایک انٹرویو میں کہا تھا کہ فیملی وی لاگرز اپنے گھر والوں کو مواد بنا کر بیچتے ہیں اور یہ عمل میں کبھی خود نہیں کر سکتا، ذاتی زندگی کو اس حد تک عوامی کرنا مناسب نہیں لگتا۔
یوٹیوبر رجب بٹ نے اس بیان پر نا صرف برہمی کا اظہار کیا بلکہ ایک پوڈکاسٹ میں کہا کہ "فہد مصطفیٰ کون؟" اور یہ بھی کہا کہ میری نظر میں ان کی کوئی عزت نہیں رہی، یہ جملہ سوشل میڈیا پر وائرل ہو گیا، جس پر صارفین نے شدید ردعمل دیا۔
یوٹیوبر اور انفلوئنسر اذلان شاہ حال ہی میں جیو پوڈکاسٹ میں مہمان بنے اور اس تنازع پر اپنی رائے دی۔
انہوں نے کہا کہ ڈراموں میں بھی خواتین کام کرتی ہیں اور ہم سب دیکھتے ہیں، تو فیملی وی لاگنگ کو ‘فیملی بیچنا’ کہنا درست نہیں ہے۔
انہوں نے ساتھ ہی رجب بٹ کے "فہد کون؟" والے بیان کو نامناسب قرار دیتے ہوئے کہا کہ فہد مصطفیٰ پاکستان کے سب سے بڑے سپر اسٹارز میں سے ایک ہیں، ان کو نہ پہچاننا صرف دکھاوے کی بات ہے۔
سوشل میڈیا پر جہاں کچھ لوگ فہد مصطفیٰ کے مؤقف کی حمایت کر رہے ہیں، وہیں بہت سے مداح رجب بٹ اور اذلان شاہ جیسے وی لاگرز کے حق میں بول رہے ہیں، جنہوں نے اپنی نجی زندگی کو ایک مثبت انداز میں پیش کیا۔