اسلام آباد (جنگ نیوز) پاک بھارت کشیدگی کے معاملے پر وفاقی وزیرِ اطلاعات عطا اللّٰہ تارڑ اور ڈائریکٹر جنرل (ڈی جی) انٹر سروسز پبلک ریلیشن (آئی ایس پی آر) لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری سیاسی جماعتوں کے رہنماؤں کو بریفنگ دی۔ حکومتی ذرائع کے مطابق پہلگام فالز فلیگ آپریشن کے تناظر میں ہونے والے سیشن میں سیاسی جماعتوں کے رہنما بڑی تعداد میں شریک ہوئی، ڈی جی آئی ایس پی آر نے سیاسی جماعتوں کے شریک رہنماؤں کو پاک فوج کی تیاریوں سے آگاہ کیا۔ ذرائع نے بتایا کہ پاکستان ایک پُر امن ملک ہے اور خطے میں امن چاہتا ہے، لیکن اگر پاکستان پر جارحیت مسلط کی جاتی ہے تو افواج پاکستان دشمن کو منہ توڑ جواب دینے کیلئے تیار ہیں۔ علاوہ ازیں ذرائع کا مزید کہنا تھا کہ ان کیمرہ سیشن میں وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات نے سیاسی قائدین کو حکومتی سفارتی اقدامات اور ریاستی موقف سے بھی آگاہ کیا۔بریفنگ میں سابق وزیراعظم آزاد کشمیر سردار عتیق ، جمعیت علماء اسلام کے نور عالم خان، عبدالشکو، وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری، وزیر مملکت کھیل داس کوہستانی شریک ہیں جبکہ پاکستان تحریک انصاف نے حکومت کی بیک گراؤنڈ بریفنگ کا بائیکاٹ کیا ۔