کراچی (اسٹاف رپورٹر) پی ایس ایل میں لاہور قلندرز پلیئرز ڈویولپمنٹ پروگرام کا تراشا ہوا ایک اور ہیرا چمکنےلگا۔ ابتدا میں ناکامیوں کےبعد اوپنرمحمد نعیم نے رنگ دکھانا شروع کردیے، اوپننگ کرتے ہوئے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے بعد کراچی کنگز کے خلاف دھواں دھار نصف سنچری بناکر اپنی صلاحیت کا لوہا منوارہے ہیں۔ وہ کہتے ہیں کوئٹہ کے خلاف ابتدائی میچز میں فلاپ ہونے کے بعد لاہور قلندر نے مجھ پر اعتماد کیا ان کا شکرگذار ہوں ، یہ سلسلہ چھ سات سال سے جاری ہے ، پلیئرز ڈویلپمنٹ پروگرام، بیٹل آف قلندرز اور پھر نمیبیا کے دورے پر اعتماد کیا ، یہاں تک پہنچنے کیلئے بہت محنت کی ، اس میں زیادہ ہاتھ لاہور قلندرز کا ہے۔ ٹیم کے مالک ثمین رانا کپتان اور کھلاڑیوں نے جتنا سپورٹ مجھےکیا شاید ہی کسی کو کیا ۔ فاٹا سے تعلق اورپارا چنا کا رہنے والا ہوں ، وہاں سہولیات کی کمی تھی ، اس لیےلاہور آ گیا ، شاہین آفریدی، حارث رئوف اور فخرزمان کی موجودگی میں کھیلتا آ رہا ہوں ،بابراعظم کو پاکستان کا بہترین بیٹر سمجھتا ہوں۔ شاہین اور حارث بہترین بولر ہیں باقیوں کا سامنا کرنا ایسے ہے جیسے کلب کے بولروں کا سامنا کرنا ہے ، پاکستان کی گرین شرٹ مقدر سے ملتی ہے اور اس کے لئے محنت اور پرفارم کرتا رہوں گا۔