• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

آدھی بھارتی فلم انڈسٹری بِک چُکی، آدھی حکومت کیخلاف بولنے سے ڈرتی ہے: پرکاش راج

بھارتی اداکار پرکاش راج — فائل فوٹو
بھارتی اداکار پرکاش راج — فائل فوٹو

بالی ووڈ کے معروف اداکار پرکاش راج کا کہنا ہے کہ آدھی فلم انڈسٹری بک چکی ہے اور آدھی حکومت کے خلاف بولنے سے ڈرتی ہے۔

پرکاش راج کا شمار بھارت کے ان اداکاروں میں ہوتا ہے جو حکمران جماعت کی پالیسیوں کے خلاف تنقید کرنے سے بالکل نہیں گھبراتے۔

اُنہوں نے اپنے ایک حالیہ انٹرویو کے دوران بھارتی حکومت کی کارکردگی اور متنازع اقدامات پر خاموش رہنے والے بھارتی اداکاروں پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ آدھی فلم انڈسٹری بک چکی ہے اور آدھی حکومت سے خوفزدہ ہے کیونکہ ان میں ہمت نہیں ہے۔

اداکار نے بتایا کہ میرے ایک قریبی ساتھی نے مجھ سے کہا، ’پرکاش آپ میں دَم ہے، آپ حکومت کے خلاف بول سکتے ہیں، میں نہیں بول سکتا‘ تو میں نے اسے جواب دیا، ’میں آپ کے ڈر کو سمجھ سکتا ہوں لیکن مستقبل میں جب تاریخ لکھی جائے گی تو وہ جرم کرنے والوں کو تو معاف کردے گی لیکن ان کو معاف نہیں کرے گی جو جرم ہوتا دیکھ کر خاموش رہے، سب کو ذمہ دار ٹھہرایا جایا گا۔‘

اُنہوں نے بھارتی حکومت کے خلاف بات کرنے سے اپنے کیریئر پر پڑنے والے اثرات کے بارے میں بات کرتے ہوئے کہا کہ میرے ساتھ کام کرنے سے لوگ ڈرتے ہیں کیونکہ انہیں اس بات کی فکر ہوتی ہے کہ اگر وہ میرے ساتھ کسی فلم میں کام کریں گے تو انہیں وہ کامیابی نہیں ملے گی جس کی وہ توقع کر رہے ہیں۔

پرکاش راج نے بتایا کہ مجھے غلط کو غلط کہنے سے مزید ہمت ملتی ہے تو اس لیے ہمیں لڑنا پڑے گا اور ہمیں ظلم کے خلاف اپنی آواز بلند کرنی ہوگی۔

اُنہوں نے بتایا کہ ایسا نہیں ہے کہ اگر آپ کسی بھی غلط اقدام کے خلاف اپنی آواز اُٹھائیں گے تو آپ کو بھارتی فلم انڈسٹری میں بالکل کام نہیں ملے گا، ہاں البتہ کم کام ملے گا۔

انٹرٹینمنٹ سے مزید