کوئٹہ (خ ن)ڈپٹی کمشنر کوئٹہ نے انسداد پولیو مہم میں کمزور کوریج کا سخت نوٹس لیتے ہوئے ناقص کارکردگی پر متعلقہ عملہ فارغ کردیا ۔تفصیلات کے مطابق ڈپٹی کمشنر کوئٹہ لیفٹیننٹ (ر) سعد بن اسد کی زیر صدارت حالیہ مہم کے دوران مختلف علاقوں میں کمزور کوریج کے حوالے سے اہم اجلاس ہوا۔ اجلاس میں این سٹاپ، سی بی وی، اور متعلقہ یونین کونسلز کے ڈی ایس اوز نے شرکت کی۔اجلاس میں ویلیج ایڈ، گوہر آباد، اور چلتن 2 کے علاقوں میں مہم کی کمزور کارکردگی پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ ڈپٹی کمشنر نے اجلاس کے دوران ناقص کارکردگی پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے واضح کیا کہ مہم کے نتائج میں کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔کارکردگی میں مسلسل ناکامی پر چلتن 1 اور چلتن 2 کے عملے کو فارغ کر دیا گیا، جبکہ گوہر آباد اور ویلیج ایڈ کے اہلکاروں کو سخت وارننگ جاری کرنے کے احکامات صادر کیے گئے۔ڈپٹی کمشنر کوئٹہ نے کہا کہ جو بھی اہلکار 100 فیصد نتائج دینے میں ناکام ہوگااْسے مہم سے فوری طور پر ہٹا دیا جائے گا۔ ہم بچوں کے بہتر مستقبل اور عوامی صحت پر کوئی سمجھوتہ نہیں کریں گے۔انہوں نے تمام متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ آئندہ کیمپینز میں مکمل تیاری اور زمینی حقائق کو مدنظر رکھتے ہوئے حکمت عملی اپنائیں،تاکہ ہر بچے تک پولیو کے حفاظتی قطروں کی رسائی کو یقینی بنائی جاسکے۔