کراچی (اسٹاف رپورٹر) انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت نے مہاجر قومی موومنٹ کے چیئرمین آفاق احمد و دیگر کیخلاف اشتعال انگیزی اور ڈمپر جلانے سے متعلق مقدمہ کی سماعت 13 مئی تک ملتوی کردی ہے۔ پولیس کے مطابق ملزمان نے تسلیم کیا کہ کنٹینر جلانے کا حکم آفاق احمد نے دیا تھا۔ منگل کو انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت میں آفاق احمد و دیگر کیخلاف اشتعال انگیزی اور ڈمپر جلانے سے متعلق مقدمہ کی سماعت ہوئی۔ دوران سماعت ملزمان کو مقدمہ کی نقول فراہم نہ کی جاسکیں۔ عدالت نے مقدمہ کی سماعت 13مئی تک ملتوی کردی۔ آئندہ سماعت پر ملزمان کو مقدمہ کی نقول فراہم کی جائینگی۔ پولیس کے مطابق آفاق احمد نے آڈیو میسج کے ذریعے کارکنان کو اکسانے کی کوشش کی، آفاق احمد کی ایما پر کنٹینر نذر آتش ہوا ، کنٹینر سے چینی کی بوریاں بھی چوری ہوئیں ، ملزمان نے تسلیم کیا کہ کنٹینر جلانے کا حکم آفاق احمد نے دیا تھا ، آفاق احمد و دیگر ملزمان کیخلاف لانڈھی تھانے میں مقدمہ درج ہے، آفاق احمد مقدمہ میں ضمانت پر رہا ہیں۔