• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

امریکی صدر نے پاکستان کے خلاف بھارتی فوجی کارروائی کو شرمناک قرار دیدیا

اسلام آباد (نمائندہ جنگ /ایجنسیاں)امریکی صدرڈونلڈٹرمپ نے پاکستان کے خلاف بھارتی فوجی کارروائی کو شرمناک قراردیدیا‘امریکی محکمہ خارجہ کا کہنا ہے کہ خطے کی بدلتی صورتحال پر گہری نظر ہے ۔فی الحال اس معاملے پرکچھ کہنا قبل از وقت ہوگاجبکہ وزیر محمد شہباز شریف نے انڈیا کی طرف سے میزائل حملوں کے جواب میں کہا ہے کہپاکستان انڈیا کی مسلط کردہ اس جنگی عمل کا بھرپور جواب دینے کا پورا حق رکھتا ہے اور بھرپور جواب دیا جا رہا ہے‘پوری قوم افواج پاکستان کے ساتھ ہے اور پوری پاکستانی قوم کا مورال اور جذبہ بلند ہے‘ مکار دشمن نے پاکستان کے پانچ مقامات پر بزدلانہ حملہ کیا ہے۔ پاکستانی قوم اور افواج پاکستان دشمن سے نمٹنابخوبی جانتے ہیں۔ دشمن کو اپنے مذموم مقاصد میں کبھی کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔ادھروائٹ ہاؤس میں ایک تقریب کے دوران امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے انڈیا اور پاکستان کے درمیان کشیدگی سے متعلق ایک سوال کے جواب میں کہا کہ یہ شرمناک ہے۔ ہم نے ابھی اس بارے میں سنا ہے جب ہم اوول (آفس) کے دروازے سے داخل ہو رہے تھے ۔ انڈیا کی پاکستان میں کارروائیوں کے بارے میں ان کا کہنا تھا کہ ماضی کے واقعات کے پس منظر میں شاید لوگوں کو پتا تھا کہ کچھ ہونے والا ہے۔ وہ طویل عرصے سے لڑ رہے ہیں‘ وہ کئی دہائیوں سے لڑ رہے ہیں‘شاید صدیوں سے اگر آپ اس بارے میں سوچیں۔ انہوں نے مزیدکہاکہ مجھے امید ہے یہ (تناؤ) جلد ختم ہوجائےجبکہ امریکی محکمہ خارجہ کا کہنا ہےخطے کی بدلتی صورتحال پر گہری نظر ہے ۔فی الحال اس معاملے پرکچھ کہنا قبل از وقت ہوگا۔ وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے بھارت کی جانب سے پاکستان پر بزدلانہ حملے پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ بھارت کے حملے کا جواب دیں گے۔انہوں نے جیو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بھارت نے شہری آبادی اورمساجد پرحملے کیے‘بھارت کو بھرپور فوری جواب دیاجائے گا‘ہم فوجی اور سفارتی سطح پر بھارت کو بھرپورجواب دیں گے۔ بھارت نے جس طرح حملہ کیا اسے اس سے بڑھ کر جواب دیں گے۔ ترجمان دفتر خارجہ نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ بھارت کی بلا اشتعال اور کھلی جارحیت کی شدید مذمت کرتے ہیں ‘بھارتی فضائیہ نے بھارتی حدود سے اسٹینڈ آف ہتھیاروں سے پاکستان کی خود مختاری کو نشانہ بنایا ۔

اہم خبریں سے مزید