اسلام آباد(جنگ نیوز،ایجنسیاں،مانیٹرنگ ڈیسک)بھارت کیخلاف حکومت اور اپوزیشن یک زبان ہو گئے۔قومی اسمبلی میں بلاول بھٹو،بیرسٹر گوہر،فاروق ستار،اعجازالحق،عطا تارڑ سب نے مودی کو للکارا،منہ توڑ جواب دینے کا عزم ظاہر کیا۔سپیکر سردار ایاز صادق کی صدارت میں قومی اسمبلی کا اجلاس ہوا جس میں اظہار خیال کرتے ہوئےپاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ انہوں نے کہا ہے کہ بھارت دہشت گرد ملک ہے۔ اسے حالیہ صورت حال میں ڈائیلاگ یا تباہی میں سے ایک راستہ چننا ہوگا۔سندھ طاس معاہدے کی معطلی انسانیت کیخلاف جرم ہے، پاکستان دہشت گردی برآمد نہیں کررہا بلکہ خود دہشت گردی کا شکار ہے، بھارتی حکومت غیرذمہ داری کا مظاہرہ کررہی ہے، پاکستانی قوم نے ڈر کر جینا نہیں سیکھا۔انہوں نے کہا کہ بھارت پاکستان کواپنی نااہلی کاذمہ دار ٹھہرانے کی کوشش کررہا ہے۔ پی ٹی آئی رہنما بیرسٹر گوہر نے کہا ہے کہ بھارت اور پاکستان دونوں ہمسائے ہیں، بار بار جنگ کی بات نہ کریں۔انہوں نے کہا کہ پاکستان میں کئی جنگیں ہوئیں لیکن انڈس واٹر ٹریٹی کے خلاف کچھ نہیں ہوا، اس دفعہ پہلی بار مودی نے معاہدہ ختم کیا، پاکستان اس معاملے کو عالمی عدالت انصاف میں لے جائے، بھارت نے کوئی مس ایڈونچر کیا تو پاکستان سخت ترین جواب دے گا۔