اسلام آباد(نیوز ایجنسیاں)نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے الجزائر اور افغانستان کے وزراء خارجہ کو ٹیلی فون کیا ہے ، دفتر خارجہ کے مطابق نائب وزیراعظم نے انہیں بدلتی ہوئی علاقائی صورتحال اور بھارت کی اشتعال انگیز بیان بازی اور پاکستان کے خلاف یکطرفہ اقدامات سے پیدا ہونے والی کشیدگی سے آگاہ کیا جس میں سندھ طاس معاہدے کو التوا میں رکھا جانا بھی شامل ہے۔ تفصیلات کے مطابق اسحاق ڈار نے الجزائر کے وزیر خارجہ احمد عاطف سے منگل کو ٹیلی فونک گفتگو کی۔ الجزائر کے وزیر خارجہ نے تحمل کی اہمیت اور دونوں طرف سے کشیدگی کم کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے الجزائر کی جانب سے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے فریم ورک کے اندر پاکستان کے ساتھ ہم آہنگی اور تعاون کے عزم کا اعادہ کیا۔