اسلام آباد (این این آئی)چیف جسٹس پاکستان جسٹس یحییٰ آفریدی نے کہا ہے کہ عوام پاک بھارت کشیدگی کی وجہ سے تناؤ میں ہے، اللہ کرے گا سب ٹھیک ہوجائیگا، جبری گمشدگیوں کے مقدمات پر ادارہ جاتی ردعمل سے متعلق قومی عدالتی پالیسی میں غور ہوگا، ضلعی عدلیہ میں ڈبل شفٹ متعارف کروانے جا رہے ہیں، جو عدالتی افسران رضاکارانہ 2 تا 5کام کرینگے انکی 50فیصد تنخواہ بڑھائی جائیگی چیف جسٹس جسٹس یحییٰ آفریدی نے صحافیوں سے ملاقات کی۔ اس دوران گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ملاقات میں چین اور ترکیہ کے دورے کا بتانا چاہوں گا، جسٹس امین الدین، جسٹس شاہد وحید اور ضلعی عدلیہ کے 2 جج ساتھ تھے۔انہوں نے کہا کہ دورے کے دوران چینی سپریم پیپلز کورٹ کے چیف جسٹس سے ون آن ون ملاقات ہوئی تھی۔ انہوںنے کہاکہ ملاقات میں انصاف کی فراہمی کے نظام میں ٹیکنالوجی کے استعمال پر گفتگو اور بنیادی طور پر چین کے نظام انصاف کی فراہمی میں ٹیکنالوجی کی فراہمی پر بات ہوئی۔چیف جسٹس کے مطابق دونوں چیف جسٹسز کے درمیان ٹیکنالوجی کے استعمال کے بارے ایم او یو سائن کیا گیا، ٹیکنالوجی ٹرانسفر، کیس مینجمنٹ سے متعلق ایم او یو میں معاملات شامل ہیں۔چیف جسٹس پاکستان نے بتایا کہ ایران کے چیف جسٹس سے بھی ملاقات ہوئی تھی، ایران آئندہ سال ایس سی او کانفرنس کی میزبانی کریگا۔