• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

وزیراعظم نے بھارت کو منہ توڑ جواب دینے کا وعدہ پورا کیا، رانا ثناء

کراچی (ٹی وی رپورٹ) جیوکے پروگرام ”کیپٹل ٹاک“ میں میزبان حامد میر سے گفتگو کرتے ہوئے مشیر وزیراعظم برائے سیاسی امور رانا ثناء اللہ نے کہا ہے کہ وزیراعظم اور عسکری قیادت نے قوم سے وعدہ کیا تھا کہ بھارت کی کسی بھی جارحیت کا منہ توڑ جواب دیا جائے گا اور الحمدللہ وہ وعدہ پورا ہوا۔ نیشنل سیکیورٹی کمیٹی کے اجلاس میں واضح کیا گیا کہ کب اور کیسے جواب دینا ہے یہ فیصلہ عسکری قیادت کرے گی۔ تحریک انصاف کے رکن قومی اسمبلی بیرسٹر عمیر نیازی نے کہا کہ پاکستان کو یو این چارٹر کے آرٹیکل 51 کے تحت جوابی کارروائی کا حق حاصل ہے اور نیلم جہلم جیسے حملوں پر ردعمل دینا ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر پاکستان ان کے ڈیم توڑنے پر آئے تو بھارت پانی سنبھال نہیں پائے گا۔ ایئر کموڈور (ر) خالد چشتی نے کہا کہ پاکستان اب حملہ کرنے کی پوزیشن میں ہے جس میں ہر طرح کی فیصلہ سازی کی آزادی ہوتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ انڈیا پہلگام کا بدلہ لینے آیا تھا مگر پانچ جہاز اور ایک ڈرون گنوا بیٹھا۔ ایئر وائس مارشل (ر) اعجاز محمود نے کہا کہ پاک فضائیہ ہر سطح پر لڑنے کو تیار ہے۔ دشمن کے جہاز کو تین سو کلومیٹر دور سے نشانہ بنایا جا سکتا ہے۔ سابق سفیر ڈاکٹر ملیحہ لودھی نے کہا کہ اب صرف بدلہ لینا مقصد نہیں بلکہ پاکستان کو اپنی ڈیٹرینس بحال کرنی ہے تاکہ بھارت کی کارروائیاں معمول نہ بنیں۔
اہم خبریں سے مزید