• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بھارتی پروپیگنڈے کا مقصد جارحیت کا جواز، عالمی برادری خطرناک رویے کا نوٹس لے، مقبوضہ کشمیر کو نشانہ نہیں بنایا حملہ کریں گے تو دنیا کو نظر آئے گا، پاکستان

راولپنڈی (نمائندہ جنگ/ایجنسیاں ) انڈیا نے الزام عائد کیاہے کہ پاکستان نے مقبوضہ کشمیر اور راجستھان سمیت 15مقامات پر میزائل حملے کئے ہیں‘ دوسری جانب ترجمان دفترخارجہ نے حملوں سے متعلق بھارتی میڈیا کے بے بنیاد الزامات کومستردکرتے ہوئے کہاہے کہ یہ دعوے پروپیگنڈہ مہم کا حصہ ہیں‘ پاکستان پر بار بار الزامات عائد کرنے کا لگا بندھا انداز جارحیت کا جواز گھڑنےکی دانستہ حکمت عملی کی عکاسی کرتا ہے‘عالمی برادری انڈیا کے اس خطرناک رویے کا سنجیدگی سے نوٹس لے‘ پاکستان امن کے لیےپرعزم ہے لیکن وہ اشتعال انگیزی، دھمکانے یا گمراہ کرنے کی کوششوں سے مرعوب نہیں ہو گا‘ڈائریکٹر جنرل آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری کا کہنا ہے کہ انڈیا میں 15مقامات پر پاکستانی میزائل حملوں کا بھارتی دعویٰ جھوٹا ہے’جب پاکستان حملہ کرے گا تو وہ دنیاکو نظر بھی آئے گا اور گونج بھی سنائی دے گی‘پہلے ہم نے چائے پلائی تھی اب ہم نے چائے بھجوائی ہے‘ 8مئی کو اسرائیلی ساختہ 29 بھارتی ڈرونز ناکارہ بنائے ‘ یہ ڈرونز لاہور ‘ شیخوپورہ، بہاولنگر، گوجرانوالہ‘ چکوال، راولپنڈی، اٹک، بہاولپور ، میانو، چھور اور کراچی میں سویلین آبادی پر گرے جس کے نتیجے میں تین شہری شہید اور 4 زخمی ہوگئے ‘ نائب وزیراعظم اور وزیرخارجہ اسحاق ڈار نے کہاہے کہ پاکستان نے بھارتی پنجاب میں کسی بھی شہری علاقے میں کارروائی نہیں کی‘ ہندوستان اپنے شہریوں اور سکھوں کو نشانہ بناکر پاکستان کیخلاف محاذ بنانا چاہتا ہے ‘پاکستانی مطمئن رہیں‘ پاک فوج عوام کو مایوس نہیں کرے گی‘ ادھروفاقی وزیر اطلاعات عطاءاللہ تارڑکا کہنا ہے کہ ہم نے مقبوضہ کشمیر میں کسی مقام کو نشانہ نہیں بنایا‘ بھارتی میڈیا جھوٹی کہانیاں گھڑرہاہے جبکہ وزیر دفاع خواجہ آصف کہتے ہیں کہ ڈرون حملوں کے بعد بھارت پر جوابی کارروائی یقینی ہوگئی ہے ‘ پاکستان جوابی کارروائی میں بھارتی فوجی تنصیبات کو نشانہ بنائے گا‘کشیدگی میں کمی کی کوئی گنجائش باقی نہیں رہی اور پاک بھارت تنازع بند گلی میں داخل ہورہا ہے ۔ تفصیلات کے مطابق بدھ کو میڈیا بریفنگ کے دوران لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے بھارت کی جانب سے 15مقامات پر میزائل حملوں کے الزام کو مضحکہ خیز قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ مودی سرکار اپنے فائدے کیلئے ڈراما کر رہی ہے تاہم جب پاکستان حملہ کرے گا تو وہ نظر بھی آئے گا اور گونج بھی سنائے دے گی‘بھارتی میڈیا نہیں بتائے گا لیکن پوری دنیا جان جائے گی‘ بھارت نے خود ڈرامہ رچانے کے لئے امرتسر کے علاقے میں میزائل داغے ‘ایک میزائل پاکستان کی جانب آیا جسے ڈنگہ کے مقام پر ناکارہ بنا یا گیا ہے، میزائل کی نوعیت معلوم کرنے کے لئے میزائل کا فرانزک کیا جا رہا ہے ‘ 8مئی کو اسرائیلی ساختہ 29 ڈرونز ناکارہ بنائے،ایک ڈرون فوجی تنصیب تک پہنچا جس کے نتیجے میں 4 فوجی جوان زخمی اور مقام پر جزوی نقصان ہوا‘بھارتی حملوں میں مزید3شہری شہید‘ مجموعی شہادتیں 34، زخمیوں کی تعداد 61 ہوگئی۔ فوجی ترجمان نے بتایا کہ بھارت نے خود آدم پور سے چار میزائل فائر کیے جن میں سے تین میزائلوں نے امرتسر کے عمومی علاقے کوٹارگٹ کیا ،صرف ایک ٹراجیکٹائل نے انٹرنیشنل بارڈر کوعبور کیا۔جب ڈنگہ کے علاقے میں میزائل پہنچا تو اسے مانیٹر کر کے ناکارہ کیا ۔اس ملبے کی فرانزک ہو رہی ہے‘اس طرح کےتین میزائلوں کو امرتسر کے اندر ہی ہدف بنایا گیا اس کی وجہ سب کے سامنے ہے کیونکہ یہ ڈرامہ کرنا چاہ رہے ہیں۔ بھارت میں کہا جا رہا ہے کہ 15 مقامات پر پاکستان نے اہداف کو نشانہ بنایا ہے‘بھارت کی حکومت اور فوج 18 ویں صدی میں رہتی ہے یا 21ویں صدی میں ہے۔ میزائل جب آتا ہے تو اس پر ڈیجیٹل نشان ہوتا ہے ،اس پر جھوٹی کہانی نہیں بنائی جاسکتی۔ جو ثبوت بھارت 15 اہداف پر حملے کے دکھا رہے ہیں یہ گندم کی زمین ہے کاش یہاں خشک گندم کو آگ ہی لگا لیتے، پتہ نہیں بھارت فلم اور تھیٹر کی دنیا سے نکل کر عملی زندگی میں کب آئے گا ۔ انہوں نے کہا کہ 6 اور 7 مئی کو بھارت حملہ آور ہوا تو اسے پتہ تھا کہ جواب بھی آئے گا،اگر ان کا ائیر ڈیفنس اتنا اچھا تھا تو پھر اپنے پانچ جہاز بچا لیتے۔ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ جو بھی چیزپاکستان آتی ہے اس پر ہماری نظر ہے، چھوٹے کراس سیکشن کے ڈرونز ہیں، جب ڈرونز پاکستان کی حدود میں آئے توانھیں خاص طریقے سے ہینڈل کیا گیا، مناسب ہتھیاروں اور آلات کا استعمال کیا گیا کیونکہ ہماری فضا میں مختلف ممالک کی پروازیں بھی تھیں۔ڈی جی آئی ایس پی آرکا کہناتھاکہ رافیل طیاروں کا ملبہ بھارت نے خود اکٹھا کیا تھا مگر ڈرونز کا ملبہ ہم نے جمع کیا ہے، یہ ایسے ہی ہے 2019 میں انہوں نے چائے یہاں آکر پی تھی، 6 اور 7 مئی کی درمیانی رات کو چائے ہم نے خود وہاں بھجوائی ہے۔ترجمان پاک فوج کا کہنا تھا کہ بھارت نے ننکانہ صاحب میں سکھوں کے مقدس مقام کو ڈرون سے نشانہ بنانے کی کوشش کی جو یکسر ناقابل قبول ہے‘ہم نے یہ ڈرون بھی مار گرایا۔انہوں نے کہا کہ فوج کے ساتھ عوام کھڑے ہیں‘ کچھ بھی نہیں ہوگا، ہمیشہ حق کی فتح ہوئی ہے اور حق کی فتح ہوگی۔اس موقع پر نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ بھارت نے کوئی بھی مہم جوئی کی تو اس کا بھرپور جواب دیا جائے گا، پاکستانی مطمئن رہیں‘ پاک فوج عوام کو مایوس نہیں کرے گی‘ پاکستان نے بھارتی پنجاب میں کسی بھی شہری علاقے میں کارروائی نہیں کی‘ایک ذمہ دار ملک کے طور پر پاکستان نے ہرممکن اسٹریٹجک احتیاط کا مظاہرہ کیا ہے۔پاکستان بھارتی جارحیت کا اپنے طے کردہ وقت اور مقام پر جواب دینے کا حق محفوظ رکھتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارتی ڈرونز نے لاہور میں فوجی تنصیب کو نشانہ بنانے کی کوشش کی، بھارت نے کوئی ایڈونچر کیا تو ہماری آرمی، نیوی اور فضائیہ الرٹ ہیں‘راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم پر حملہ کرکے بھارت نے پاکستانی اور غیر ملکی کھلاڑیوں کی جان خطرے میں ڈال دی‘بھارت کا فوجی تنصیبات پر حملے کا دعویٰ سفید جھوٹ ہے۔قوم مطمئن رہے، حکومت اور افواج پاکستان اپنا فرض ذمہ داری سے نبھائیں گی۔

kk


اہم خبریں سے مزید