کراچی (رفیق مانگٹ) بھارت اور پاکستان کے درمیان بڑھتی ہوئی کشیدگی نے کرکٹ کے سب سے بڑے میلے کو داؤ پر لگا دیا ہے، آئی پی ایل پر سیاہ بادل منڈلا رہے ہیں، پنجاب کنگز اور دہلی کیپٹلز کا میچ اچانک منسوخ، اسٹیڈیم میں بجلی غائب، شائقین پریشان، سڑکوں پر افراتفری، کھلاڑی وعملہ پٹھانکوٹ منتقل۔ جمعرات کی رات دھرم شالہ میں پنجاب کنگز اور دہلی کیپٹلز کا میچ اچانک منسوخ کر دیا گیا جب مقبوضہ جموں اور پٹھان کوٹ میں ایئر رائیڈ الرٹس نے خوف کی لہر دوڑا دی۔ اسٹیڈیم میں بجلی غائب، شائقین پریشان، اور سڑکوں پر افراتفری کا عالم تھا۔ ہماچل پردیش کرکٹ ایسوسی ایشن اسٹیڈیم میں میچ کی پہلی اننگز جاری تھی کہ اچانک بلیک آؤٹ سے اندھیرا چھا گیا۔ فضائی حملوں کے الرٹس نے سیکیورٹی خدشات کو جنم دیا، اور میچ کو فوری طور پر روک دیا گیا۔ دھرم شالہ، کانگڑہ، اور چندی گڑھ کے ہوائی اڈوں کو ممکنہ پاکستانی حملوں سے بچاؤ کے لیے بند کر دیا گیا۔ کھلاڑیوں اور عملے کو سڑک کے راستے پٹھان کوٹ (85کلومیٹر دور) منتقل کیا گیا، جہاں سے وہ خصوصی ٹرین کے ذریعے دہلی روانہ ہونگے۔ اسٹیڈیم کے باہر شدید ٹریفک جام نے شائقین کی پریشانی کو دوبالا کر دیا۔ بی سی سی آئی کے چیئرمین ارون دھومل نے کہا، "ہم حکومتی ہدایات کا انتظار کر رہے ہیں۔ جمعہ کا میچ (لکھنؤ سپر جائنٹس بمقابلہ رائل چیلنجرز بنگلور) فی الحال شیڈول کے مطابق ہے۔" لیکن ایکس پر افواہوں نے زور پکڑا جب تحسین پوناوالا نے دعویٰ کیا کہ بی سی سی آئی کی ہنگامی میٹنگ جاری ہے اور آئی پی ایل منسوخ ہو سکتا ہے، غیر ملکی کھلاڑیوں کو واپس بھیجنے کی تیاری ہے۔ بی سی سی آئی کے سیکریٹری دیواجیت سیکیا نے فوری ردعمل دیتے ہوئے کہا، "یہ محض افواہیں ہیں! کوئی ہنگامی میٹنگ نہیں ہو رہی۔ صرف دھرم شالہ میچ منسوخ کیا گیا۔