کراچی (نیوز ڈیسک) غزہ کے علاقے رفح میں حماس کیساتھ جھڑپ اور دھماکے میں کئی اسرائیلی فوجی ہلاک اور زخمی ہوگئے ہیں ، الجزیرہ کے مطابق ان فوجیوں کا تعلق اسرائیلی فوج کی گولانی بریگیڈ سے ہے جہاں قابض افواج کو حماس کی جانب سے شدید مزاحمت کا سامنا ہے، اسرائیلی بمباری میں گزشتہ 24گھنٹوں کے دوران 100سے زائد افراد شہید ہوگئے ہیں ۔الجزیرہ نے اسرائیلی ویب سائٹس کے حوالے سے بتایا کہ فوجی اہلکار رفح میں ایک عمارت کو دھماکا خیز موا د سے تباہ کررہے تھے ۔ فی الحال جمعرات کو ہونے والے واقعے پر اسرائیلی میڈیا خاموش ہے اور وہاں کی حکومت کی جانب سے ابھی تک کوئی سرکاری تبصرہ نہیں آیا ہے۔رفح میں موجود عینی شاہدین نے الجزیرہ کو ایک بڑے دھماکے اور زخمیوں کو نکالنے کی کوشش کرتے ہوئے اسرائیلی ہیلی کاپٹروں کے بارے میں بتایا۔ انہوں نے بتایا کہ علاقے میں شدید لڑائی جاری ہے۔ دریں اثنا اسرائیلی فوج کی جانب سے غزہ کی مکمل ناکہ بندی بدستور جاری ہے جس کے باعث امدادی اداروں کا کہنا ہے کہ ان کے دوتہائی آپریشن معطل ہو گئے ہیں، امدادی اداروں کے مطابق گاڑیوں میں ایندھن ختم ہو چکا ہے ، زخمیوں کی اسپتالوں کو منتقلی میں شدید مشکلات کا سامنا ہے۔