کراچی (اسٹاف رپورٹر) شہر کے مختلف علاقوں میں ہونے والے احتجاج کے باعث ٹریفک جام ہو گیا جس سے شہریوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا، تفصیلات کے مطابق جمعے کی صبح جہانگیر روڈ پر علاقہ مکینوں نے بجلی اور پانی کی بندش کے خلاف احتجاج کیا۔ جمعہ کی شام ایک بار پھر علاقہ مکینوں نے مذکورہ مقام پر احتجاج کیا جس سے ٹریفک کی روانی متاثر ہوئی۔ سخی حسن پر واٹر ہائیڈرنٹ کے باہر علاقہ مکینوں نے پانی کی بندش کے خلاف احتجاج کیا ۔سپر ہائی وے الآصف اسکوائر کے قریب علاقہ مکینوں نے ڈکیتی مزاحمت پر دو افراد کے زخمی ہونے پر احتجاج کیا جس سے ٹریفک جام ہو گیا،علاوہ ازیں پریس کلب کے باہر اور راشد منہاس روڈ پر افواج پاکستان سے اظہار یکجہتی کے سلسلے میں ہونے والے مظاہرے اور ریلی کے باعث بھی ٹریفک کی روانی متاثر ہوئی۔