راولپنڈی(نمائندہ جنگ /ایجنسیاں) ایل او سی پر بھارتی فوج کی گولہ باری‘ 5 شہری شہید‘پاک فوج کی جوابی کارروائی میں 8چوکیاںاڑادیں جبکہ بٹالین ہیڈکوارٹر بھی تباہ کردیاگیا۔آزاد کشمیر میں کھوئی رٹہ سیکٹر میں بھارتی فوج نے آبادی پر گولہ باری کی جس کے نتیجے میں نومولود بچی سمیت 4افرادشہید اور 12 زخمی ہوگئے ۔باغ میں مکان پر بھارتی گولا گرنے سے نوجوان شہید اور2 بہنیں زخمی ہوگئیں۔سکیورٹی ذرائع کے مطابق پاک فوج نے بلا اشتعال فائرنگ کرنے پر بھارتی فوج کی جھنڈا زیارت پوسٹ کو تباہ کر دیا، جھنڈا زیارت پوسٹ کی تباہی سے دشمن کو بھاری نقصان اٹھانا پڑا۔ پاک فوج نے حاجی پیر سیکٹر پر بھارتی بلا اشتعال فائرنگ کا جواب دیتے ہوئے بھارتی فوج کی رِنگ کنٹوئر پوسٹ اور پوکران مارٹر بگھسر پوسٹ کو بھی تباہ کر دیا۔