• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پاک بھارت تعلقات معمول پر لانے میں سفارتی کردار ادا کرینگے، امارات

اسلام آباد(نمائندہ خصوصی) متحدہ عرب امارات کی وفاقی قومی کونسل (FNC) کے پہلے نائب اسپیکر ڈاکٹر طارق حمید الطائر نے چیئرمین سینیٹ یوسف رضا گیلانی کو یقین دہانی کرائی ہے کہ یو اے ای کی قیادت پاکستان اور بھارت کے تعلقات کو معمول پر لانے میں اپنا بھرپور سفارتی کردار ادا کرے گی،تنازعات کو سفارتکاری کے ذریعے حل کرنا چاہیے، جنوبی ایشیا میں امن اور خوشحالی کے لیے دانشمندی سے کام لینا ہوگا۔انہوں نے یہ یقین دہانی یوسف رضا گیلانی سے ملاقات کے دوران کروائی ،ملاقات کے موقع پر ڈاکٹر الطائر نے پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے تاریخی اور برادرانہ تعلقات کو سراہا اور دوطرفہ تعاون کو مزید وسعت دینے کے عزم کا اعادہ کیا، یوسف رضا گیلانی نے دونوں برادر ممالک کے درمیان عالمی سطح پر مشترکہ مؤقف اور عوامی روابط کو اہم قرار دیا اور پاکستان کے ساتھ متحدہ عرب امارات کی اقتصادی شراکت داری، خاص طور پر تجارت، سرمایہ کاری اور ترقیاتی امداد کے شعبوں میں کردار کو سراہا،انہوں نے پاکستان یو اے ای پارلیمانی فرینڈشپ گروپ کے ذریعے پارلیمانی روابط کو تیز کرنے کی تجویز دی، جس پر یو اے ای کے نائب صدر نے سینیٹ آف پاکستان اور وفاقی قومی کونسل کے درمیان مفاہمتی یادداشتوں کے ذریعے تعاون کو باقاعدہ بنانے پر آمادگی ظاہر کی، تاکہ باضابطہ مکالمہ اور گہرے تعاون کو یقینی بنایا جا سکے۔
اہم خبریں سے مزید