اسلام آباد(مانیٹر نگ ڈیسک) وزیر اعظم شہباز شریف نے صدر مملکت آصف علی زرداری سے اہم ملاقات کی اور قومی سیاسی قائدینسے رابطے کرکے آپریشن بنیان مرصوص پر اعتماد میں لیا ۔فوج کے فخریہ کردار پر سب مسرور ہیں ،ایوان صدر کی جانب سے جاری بیان کے مطابق صدر مملکت آصف علی زرداری سے وزیراعظم محمد شہباز شریف نے ملاقات کی ہے جس میں انہوں نے صدر مملکت کو بھارتی جارحیت اور پاکستان کی جانب سے آپریشن ’’بنیان مرصوص‘‘ کی صورت میں بھارت کو دیئے جانے والے موثر جواب بارے آگاہ کیا۔ملاقات کے دوران نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار اور وزیر قانون و انصاف سینیٹر اعظم نذیر تارڑ بھی موجود تھے۔صدر مملکت آصف زرداری نے بھارتی بلا اشتعال جارحیت اور میزائل حملوں کا منہ توڑ جواب دینے پر ملک کی مسلح افواج کی غیر معمولی پیشہ ورانہ مہارت اور بہادری کو سراہا۔صدر زرداری نے کہا کہ پاکستان نے ایک ذمے دار اور امن پسند قوم کی حیثیت سے بھارتی اشتعال انگیزیوں کے مقابلے میں کافی تحمل کا مظاہرہ کیا، افسوس کہ بھارتی جارحیت کی وجہ سے پاکستان کے پاس اپنی خودمختاری کے دفاع ، اپنے شہریوں کے تحفظ کے لیے فیصلہ کن جواب دینے کے سوا کوئی چارہ نہیں بچا۔ انہوں نے مزید کہا ہے کہ پوری پاکستانی قوم متحد ہے، بھارتی جارحیت کے مقابلے میں اپنی مسلح افواج کی بھرپور حمایت کرتی ہے، پاکستان ملکی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کا ہر قیمت پر دفاع کرے گا۔وزیراعظم شہباز شریف نے افواج پاکستان کی بھارتی در اندازی کے خلاف کارروائیوں پر قومی سیاسی قیادت کو اعتماد میں لے لیا۔وزیراعظم نے پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری، پی ٹی آئی کے چیئرمین بیرسٹر گوہر، جمیعت علماء اسلام ف کے سربراہ مولانا فضل الرحمان، کنوینر متحدہ قومی موومنٹ خالد مقبول صدیقی، امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمن، بلوچستان عوامی پارٹی کے سربراہ خالد حسین مگسی اور پاکستان مسلم لیگ ق کے راہنما چوہدری سالک حسین، عوامی نیشنل پارٹی کے سربراہ ایمل ولی خان سے رابطے کئے۔شہباز شریف نے کہا کہ افواج پاکستان نے بھارتی جارحیت کا مربوط طریقے سے پر زور اور طاقت ور جواب دیا ہے، بھارت نے پاکستان پر میزائل اور ڈرون حملے کیے، ان جارحانہ اقدامات کے باوجود پاکستان نے انتہائی تحمل سے کام لیا۔