ریاض (شاہدنعیم) سعودی عرب نے پاکستان اور انڈیا کے درمیان امریکی ثالثی میں ہونے والی جنگ بندی کا خیرمقدم کرتے ہوئے اس امید کا اظہار کیا ہےکہ اس سے خطے میں سلامتی اور استحکام کی بحالی کی راہ ہموار ہوگی۔ سعودی وزارت خارجہ نے ایک بیان میں مملکت کی جانب سے دانشمندی اور تحمل کا مظاہرہ کرنے پر دونوں ملکوں کی تعریف کی، بیان میں تنازعات کو مذاکرات اور پرامن ذرائع سے حل کرنے کے لیے اپنی حمایت کا اعادہ کیا۔ اچھے ہمسائیگی کے اصولوں کی پیروی پر زور دیا جس سے دونوں ملکوں اور ان کے عوام کےلیے امن و خوشحالی کو فروغ ملے۔ یاد رہے سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان نے پاکستانی وزیر خارجہ اسحاق ڈار اور انڈین وزیر خارجہ ڈاکٹر ایس جے شنکر سے علیحدہ علیحدہ ٹیلیفونک رابطہ کیا۔ رابطے کے دوران پاکستان اور انڈیا کے وزرائے خارجہ سے خطے کی حالیہ صورتحال پر تبادلہ خیال کیاگیا ہے۔