کراچی (عبدالماجدبھٹی) پاکستان سپر لیگ انتظامیہ پی ایس ایل ٹین کے بقیہ8 میچ جلد کرانا چاہتی ہے، جو پنڈی اور لاہور میں ہوں گے۔ فائنل قذافی اسٹیڈیم میں کرانے کی تجویز ہے۔ تاہم خدشہ ہے کہ غیر ملکی کھلاڑی دستیاب نہیں ہوں گے کیوں کہ اکثریت اپنے ملک واپس پہنچ چکی ہے۔ چند دن میں تفصیلات طے ہوجائیں گی۔ پی سی بی نے نئے شیڈول کی تیاری شروع کردی ہے۔ بورڈ دسویں ایڈیشن کو مکمل کرکے بنگلہ دیش کی سیریز کی تیاریاں کرنا چاہتا ہے۔ پی سی بی چیئرمین محسن نقوی نے پی ایس ایل انتظامیہ کو ہدایت کی ہے کہ وہ نیا شیڈول بناکر فرنچائز سے شیئر کریں۔ پی سی بی انتظامیہ نے اتوار کو فرنچائز کو بذریعہ ای میل بقیہ میچوں کی تیاری کی ہدایت کردی اور بتایا کہ نیا شیڈول جلد ان سے شیئر کردیا جائے گا۔ ملتان سلطانز جسے 9میں سے8میچوں میں شکست ہوچکی ہے اسے رسمی کارروائی کیلئے آخری میچ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے خلاف کھیلنا ہے ، اس لئے وہ مائیکل بریسویل سمیت کسی غیر ملکی کو واپس بلا کر بڑا خرچہ نہیں کرنا چاہتی۔ کئی غیر ملکی موجودہ حالات کے باعث پاکستان آنا نہیں چاہتے۔ ذرائع کے مطابق چند فرنچائز جن کے کچھ کھلاڑیوں سے ذاتی مراسم ہیں شاید وہ اپنے کھلاڑیوں کو دوبارہ پاکستان لانے میں کامیاب ہوجائیں ۔ پی سی بی حکام کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ میچوں کا نیا شیڈول بناکر فرنچائز سے شیئر کریں اور ٹورنامنٹ ختم کرائیں۔ ذرائع کے مطابق فرنچائز پہلے یہ ٹورنامنٹ دبئی میں کرانا چاہتی تھیں تاکہ ان کے غیر ملکی کھلاڑی واپس آسکیں لیکن پی سی بی انتظامیہ پی ایس ایل کو ملک سے باہر لے جانے میں دلچسپی نہیں رکھتی۔ پنڈی میں ٹیلی وژن کا سامان ابھی تک موجود ہے۔ براڈ کاسٹ کریو کے کچھ اراکین چارٹرڈ فلائٹ سے واپس جاچکے ہیں اور کچھ کو بدستور روکا ہوا ہے۔ ذرائع کے مطابق بعض غیر ملکی کھلاڑی اسلام آباد میں جنگ کی وجہ سے پریشان رہے، وہ واپس آنے میں دلچسپی نہیں رکھتے۔ ٹورنامنٹ کے قوانین کے تحت انہیں ان میچوں کے پیسے ملیں گے جو انہوں نے کھیلے ہوں گے۔ جنگ بندی اعلان کے بعد پی ایس ایل انتظامیہ نے کھلاڑیوں، ہوٹلز اور گراؤنڈ اسٹاف کو بقیہ میچز مکمل کروانے کیلئے ہوم ورک شروع کردیا ہے۔ قبل ازیں گزشتہ روز پاکستان کرکٹ بورڈ نے پی ایس ایل غیرمعینہ مدت کیلئے معطل کرنے کا اعلان تھا اور تمام مینز ڈومیسٹک میچز ملتوی کردیے تھے۔ پی ایس ایل ٹیموں کے درمیان 4 گروپ میچز یعنی کراچی کنگز بمقابلہ پشاور زلمی، لاہور قلندرز بمقابلہ پشاور زلمی، اسلام آباد یونائیٹڈ بمقابلہ کراچی کنگز اور ملتان سلطان بمقابلہ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے میچز شامل ہیں۔ اسکے علاوہ کوالیفائز، ایلیمنیٹر 1، ایلیمیٹر 2 اور فائنل کے میچ کھیلے جانے ہیں۔