• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بھارت کے منفی طرز عمل سے سیز فائر جاری نہیں رہے گی، بلاول

کراچی (ٹی وی رپورٹ) چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو نے کہا ہے کہ بھارت کے منفی طرز عمل سے سیز فائر جاری نہیں رہے گی جو نہ صرف اس خطے بلکہ دنیا کے لیے خطرناک ہوگا،ہم چاہیں گے سیز فائر جاری رہے اور یہ سیز فائر پرامن تعلقات کی بنیاد بنے اور مسئلہ کشمیر کا بھی حل نکلے، بھارت کہتا تھا بات نہیں ہوگی آج بات کر رہا ہے تو یہ پاکستان کی کامیابی ہے، بھارت کے ساتھ کشیدگی میں پاکستان کو عسکری اور سفارتی سطح پر بڑی فتح ملی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نےجیو کے پروگرام ’’کیپٹل ٹاک‘‘ میں میزبان حامد میر سے گفتگو کر تے ہوئے کیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ میں پاک فوج اور بالخصوص ایئر فورس جس نے بھارت کے جہاز گرائے سب کو مبارکباد دیتا ہوں۔ اسلام امن کا پیغام دیتا ہے اور پاکستان پرامن ملک ہے اور اس عرصے میں یہ بات پاکستان نے ثابت کی کہ ہم جنگ نہیں چاہتے ہیں لیکن ہم اپنے دفاع کی بھرپور صلاحیت رکھتے ہیں۔ پاک بھارت جنگ کے تناظر میں ٹرمپ کا کردار سب کے سامنے ہے۔ پاکستان کے میڈیا، سوشل میڈیا نے بھی اپنا بھرپور کردار ادا کیا ہے ۔بھارت چاہتا تھا کہ عالمی سطح پر پاکستان اور بھارت کو ایک سطح پر نہ دیکھا جائے اور مسئلہ کشمیر کو بائی لیٹرل مسئلہ قراردیتے رہے ہیں۔ ہم چاہیں گے سیز فائر جاری رہے اور یہ سیز فائر پرامن تعلقات کی بنیاد بنے اور مسئلہ کشمیر کا بھی حل نکلے۔ بلاول بھٹو نے مزید کہا کہ مذاکرات میں کیا کیا بات کی جاسکتی ہے ابھی اس تفصیل سے آگاہ نہیں لیکن پاکستان حکومت ضرور یہ چاہے گی کہ انڈس واٹر ٹی ٹی پر بات ہو گی مذاکرات میں مسئلہ کشمیر بھی شامل ہے جو پاکستان کی بڑی کامیابی ہے ۔مقبوضہ کشمیر میں جو ہوا ہے اس پر غیر جانبدار تحقیقات کا ہم حصہ بننے کو تیا رہیں۔ مستقبل میں کوئی ایسا پلیٹ فارم بننا چاہیے جہاں ہم شکایتیں لے جاسکیں تاکہ دو ایٹمی ممالک دہشت گردی کے واقعے کے بعد آمنے سامنے نہ آئیں۔ بلاول بھٹو نے ٹرمپ کے کردار سے متعلق کہا کہ اگر ٹریڈ کے اینگل سے اس ایشو کو دیکھنا ہے تو اس نظر سے دیکھنا چاہیے کہ اگر ٹریڈ کے مواقع شروع ہوجاتے ہیں تو پاکستان اور بھارت کے لیے ترقی کا موقع ہوگا۔ امریکہ اور بھارت کے درمیان جو ٹریڈ کے حوالے سے بات ہو رہی ہے وہ اپنی جگہ ہے ۔ذوالفقار علی بھٹو نے جوہری طاقت کی بنیاد رکھی شہید بینظیر بھٹو نے ہمیں میزائل ٹیکنالوجی دی جہاں تک بھارتی میڈیا کی بات ہے یہ میرے لیے کوئی نئی چیز نہیں ہے یہ مسلسل یہی کرتے رہتے ہیں۔
اہم خبریں سے مزید