گوجرانوالہ، سیالکوٹ (ایجنسیاں، نمائندہ جنگ) صدر مملکت آصف علی زرداری نےکہا ہےکہ تاریخ یاد رکھے گی کہ پاک افواج نےجارحیت کو چند گھنٹوں میں پسپا کرکے پاکستان کی طاقت اور قومی اتحاد کاپیغام دیا، پاکستانی عوام اپنی بہادر افواج کو قومی عزت و وقار کا اصل نگہبان سمجھتے ہیں۔ آئی ایس پی آر کے مطابق صدر مملکت نے گوجرانوالہ چھاؤنی کا دورہ کیا، انکے ہمراہ وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی موجود تھے، صدر کی گوجرانوالہ چھاؤنی میں فوجی جوانوں سے ملاقات، معرکہ حق میں اعلیٰ کردار کو سراہا۔ صدرمملکت کی آمد پر آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے انکا استقبال کیا۔ ادھروفاقی وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہےکہ بھارتی جہازوں کوہم نے پتنگوں کی طرح کاٹ کر رکھ دیا، دہشت گردوں کا بھی وہی حال ہوگا جو بھارتی ائیر فورس کا ہوا، بھارت مغربی سرحد پر اسی طرح زخم چاٹے گا جیسے مشرقی سرحد پر چاٹ رہا ہے، پاک فوج کی بہادری کتابوں کی داستان بنے گی۔ سیالکوٹ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ دہشت گردوں کا بھی وہی حال ہوگا جو بھارتی ائیر فورس کا ہوا، پاک فوج کی بہادری کی داستان کتابوں کی داستان بنے گی، ہماری افواج نے بہادری، شجاعت کے ساتھ دشمن کو بھر پور جواب دیا،پاک افواج کے سربراہان کو فتح پر مبارکباد پیش کرتا ہوں۔ جنرل عاصم منیر کی قیادت میں جس طرح ہمارے نوجوان لڑے اس پر ان کو مبارکباد پیش کرتا ہوں آپکی قیادت نے حوصلوں میں برکت ڈالی، 78 سالہ تاریخ میں پاک فوج کی جرات کی مثا ل نہیں ملتی،اب ہماری جنگ مغربی سرحد پر دہشت گردوں کیخلاف ہے، بھارت مغربی سرحد پر اسی طرح زخم چاٹے گا جیسے مشرقی سرحد پر چاٹ رہا ہے۔وزیر دفاع نے کہا کہ حساب کتاب کا بندہ نہیں، لیکن اتنا مجھے معلوم ہے کہ اگر دوبارہ کوشش کی گئی تو اس سے کرارا جواب ان کو ملے گا، پہلے جو کسر رہ گئی تھی، ویسے کسر تو نہیں رہی، ایک وقت تھا جب ہمارے نشانے پر ان کے 10 جہاز تھے، وہ ادھار باقی ہے۔