• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

PSL کا دوبارہ آغاز، آرمی چیف بھی میچ دیکھنے کیلئے اسٹیڈیم پہنچ گئے

کراچی (عبدالماجدبھٹی) پاک بھارت کشیدگی اور پاکستان کی جنگ میں دشمن کیخلاف تاریخ ساز جیت کے بعد پاکستان سپرلیگ دس دن کے وقفے کے بعد پنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں دوبارہ شروع ہوئی تو ہزارو ں شائقین نے قومی اتحاد اور یکجہتی کا فقید المثال مظاہرہ کیا اور اسٹیڈیم نعرے تکبیر اللہ اکبر اور پاکستان زندہ باد کے نعروں سے گونج اٹھا۔سپہ سالار جنرل عاصم منیر بھی میچ دیکھنے اور جیت کے اس جشن میں خاص طور پر شریک ہونے کیلئے اسیڈیم پہنچ گئے۔ پاکستان کرکٹ بورڈ پی ایس ایل کو بہادر مسلح افواج کے نام منسوب کردیا۔جنر ل عاصم منیر بھی تماشائیوں کے ساتھ ہم آواز ہوکر نعرے لگاتے رہے۔آرمی چیف کے ساتھ ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹنٹ جنر ل چوہدری احمد شریف،وزیر داخلہ اور پی سی بی چیئرمین محسن نقوی بھی موجود تھے۔پاکستان کرکٹ بورڈ نے ہفتے کا دن پاکستان آرمی کے نام کردیا۔دس دن پہلے بھارت کا ایک ڈرون پنڈی اسٹیڈیم کے باہر گرا تھا جس سے ایک 20سالہ نوجوان شہید ہوا تھا اور غیر ملکی کھلاڑیوں کے تحفظات پر ٹورنامنٹ کو روک دیا گیا تھا۔پاکستان کرکٹ بورڈ کا کہنا ہے کہ پی ایس ایل کو بہادر مسلح افواج کے نام کرتے ہیں، پی سی بی نے اتوار کا دن پاکستان نیوی اور پیر کا دن پاک فضائیہ کے نام کیا ہے۔آرمی چیف جنرل عاصم منیرتقریب کے مہمان خصوصی تھے۔ ہزاروں تماشائی اپنے ساتھ پاکستانی پر چم لائے تھے اور قومی ہیروز کو زبردست خراج تحسین پیش کیا گیا۔شہداء کے اہل خانہ کو خاص طور پر مدعو کیا گیا تھا۔شہداء کو خراج عقیدت پیش کرنے کیلئے ایک منٹ کی خاموشی اختیار کی گئی۔تماشائی جنگ کی فتح کے جشن میں دیوانہ وار نعرے لگاتے رہے اور رقص کرتے دکھائی دیئے۔بڑوں بچوں اور خواتین کا جذبہ دیدنی تھا۔غیر ملکی کھلاڑیوں نےان لمحات کو بھر پور انجوائے کیا۔

اہم خبریں سے مزید