اسلام آباد (فاروق اقدس) پاکستان اور بھارت کے درمیان ہونے والی کشیدگی اور جنگ کی صورتحال کے دوران بھارت اور افغانستان کے درمیان اعلیٰ ترین سطح پر غیر اعلانیہ رابطوں کا انکشاف ، برطانوی نشریاتی ادارے نے بھی ان رابطوں اور سرگرمیوں کا اپنی ایک رپورٹ میں تذکرہ کیا اور کہا ہے کہ طالبان کے سربراہ ملا ہیبت اللہ کے قریبی ساتھی ابراہیم صدر نے خفیہ طور پر بھارت کا دورہ کیا تھا جو اسٹریٹیجک فیصلوں میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔ تاہم اس حوالے سے جب پاکستان کی وزارت خارجہ کے ترجمان کی پریس بریفنگ میں استفسار کیا گیا تو انہوں نے بھارت اور افغانستان کے درمیان خفیہ رابطوں پر بات کرنے سے گریز کیا۔ انہوں نے کہا ہم دوست ممالک سےتوقع رکھتے ہیں کہ ان کے تعلقات پاکستان کےخلاف استعمال نہ ہوں۔ مذکورہ نشریاتی ادارے کی رپورٹ کے مطابق بھارتی خارجہ سیکریٹری نے بھی 22 اپریل کو پہلگام پر ہونے والے حملے کے پانچ دن بعد 27 اپریل کو کابل کا دورہ کیا تھا جبکہ جنوری میں بھی افغان وزیر خارجہ نے دبئی میں بھارتی نائب وزیر خارجہ سے ملاقات کی تھی۔