کوئٹہ(پ ر)پاکستان مسلم لیگ (ن) ضلع کوئٹہ کے ترجمان نے بیان میں کہا ہے کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) کا ہر کارکن اپنے قائد میاں نوازشریف کیساتھ اور ہر مشکل میں پارٹی کے ہر اول دستے میں کھڑا ہے، بلوچستان ہو یا پھر کوئٹہ کارکنوں نے قیادت کے ہر فیصلے کی تائید کی اور قائد کی ہر کال پر لبیک کہا۔ مشرف کا دور ہو یا پھر پی ٹی آئی کا دور کبھی پارٹی پالیسی کے خلاف کوئی کارکن نہیں گیا، جیل کی صعوبتیں برداشت کیں لیکن اپنے قائد اور پارٹی کے ساتھ بے وفائی نہیں کی۔ 2024کے انتخابات میں ضلع کوئٹہ کی کارکردگی سب سے نمایاں تھی اور ہر سطح پر قیادت نے تسلیم بھی کیا لیکن افسوس چند ماہ بعد ہی ضلع کوئٹہ کی کابینہ کو تحلیل کرکے مخلص کارکنوں کو دیوار سے لگادیا گیا لیکن اس کے باوجود بھی ضلع کوئٹہ کا ہر عہدیدار اپنی پارٹی اور قائد کے ہر فیصلے کے ساتھ کھڑا ہے لیکن صوبائی قیادت کی جانب سے نظرانداز کرنے کا سلسلہ نہ رکا اور ضلع کوئٹہ کو ہر موقع پرنظر انداز کرنے کا سلسلہ جاری رہا۔ ترجمان نے کہا کہ ہم واضح کرنا چاہتے ہیں کہ ضلع کوئٹہ کا ہر عہدیدار اپنے ضلعی صدرسردارسحر گل خلجی اورجنرل سیکرٹری جاوید اقبال اعوان کی قیادت میں متحد اور ان کے ہر فیصلے کا پابند ہے، ہم اپنے کارکنوں کے حقوق کا تحفظ کرنے کا حق رکھتے ہیںا ور ہرسطح پر ان کے حقوق کا دفاع کیا جائے گا۔