لاہور(اپنے نامہ نگار سے) وزیر اعلیٰ پنجاب جیل اصلاحات پروگرام کے تحت پنجاب بھر کی جیلوں میں والی بال ٹورنامنٹ اختتام پذیر ہو گیا۔ ٹورنامنٹ کا فائنل سینٹرل جیل لاہور میں منعقد ہوا جس میں راولپنڈی ریجن نے لاہور ریجن کو ہرا کر ٹورنامنٹ اپنے نام کر لیا۔ فائنل میں چئیرپرسن وزیر اعلیٰ ٹاسک فورس رانا منان خان نے بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی جبکہ آئی جی جیل خانہ جات میاں فاروق نذیر، ڈی آئی جی ہیڈ کوارٹرز میاں سالک جلال اور ڈی آئی جی لاہور ریجن نوید رؤف بھی شریک ہوئے۔ راولپنڈی ریجن کے کھلاڑی عقیل مین آف دی ٹورنامنٹ اور واجد حسین مین آف دی میچ قرار پائے۔ پنجاب بھر کی جیلوں میں کھیلے جانے والے شوٹنگ والی بال ٹورنامنٹ میں تیسری پوزیشن ساہیوال ریجن نے حاصل کی۔ فاتح ٹیموں اور اعلیٰ کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے کھلاڑیوں کو ٹرافی اور نقد انعامات تقسیم کیے گئے۔ ۔ سیکرٹری داخلہ پنجاب کی ہدایت پر صوبہ بھر کی جیلوں میں انڈور سپورٹس مقابلے ہوئے۔ ترجمان محکمہ داخلہ کا کہنا تھا کہ "نفرت جرم سے؛ مجرم سے نہیں" اصول کے تحت اسیران کی فلاح و بہبود جاری ہے۔ مثبت سرگرمیوں کے فروغ سے اسیران کو صحت مند ماحول فراہم کر رہے ہیں۔ کھیلوں کے مقابلوں کے بعد ہنرمند اسیران کے مابین بھی مقابلے ہوں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ ایسے مواقع کی بدولت اسیران منفی سرگرمیوں میں الجھنے کی بجائے صحت مند سرگرمیوں کی جانب راغب ہونگے۔