کراچی (عبدالماجد بھٹی) پاکستان سپر لیگ ٹین میں چار لگاتار میچ ہارنے والی دفاعی چیمپئن اسلام آباد یونائیٹڈ نے کپتان شاداب خان کے بیٹ اور بال سے دوہرے وار کی بدولت کراچی کنگز کو دھول چٹواکر دوسری پوزیشن کیلئے ہونے والا میچ79 رنز کے بھاری مارجن سے جیت لیا۔ اسلام آباد نے کراچی پر غلبہ برقرار رکھتے ہوئے کے خلاف لگاتار دسویں جیت حاصل کی۔ کراچی کی بیٹنگ لائن دھوکا دے گئی اور پانچ وکٹ پر 251 رنز کے جواب میں 172رنز پر پوری ٹیم آؤٹ ہوگئی۔ شاداب خان نے45رنز دے کر چار وکٹ لئے اور42 رنز بنائے۔ پیر کو پنڈی اسٹیڈیم میں کراچی کنگز کی ٹیم بڑے اور مشکل ہدف کے تعاقب میں دباو کا شکار دکھائی دی۔ کپتان ڈیوڈ وارنر28 گیندوں پر43 رنز بنائے، انہوں نے ٹم سائفرٹ کے ساتھ پہلی وکٹ پر56رنز کا اوپننگ اسٹینڈ دیا۔ سائفرٹ کو سلمان ارشاد نے یارکر پر بولڈ کیا۔ سائفرٹ17گیندوں پر26رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔ اس کے بعد اسپنرز چھا گئے۔ عماد نے ڈیوڈ وارنر کو بولڈ کیا۔ ڈینجر مین جیمز ونس8رنز بناکر عماد کی گیند پر کیچ ہوئے۔ تجربہ کار عماد نے چار اوورز میں22رنز دے کر دو وکٹ حاصل کیے۔ جارح مزاج خوش دل شاہ ، محمد نبی اور کھاتہ کھولے بغیر حسن علی شاداب کا شکار بنے ۔ عباس آفریدی نے شاداب کے آخری اوور میں تین چھکے اور ایک چوکا مارا۔ انہوں نے13گیندوں پر34 رنز تین چھکوں اور دو چوکوں کی مدد سے بنائے۔ سلمان ارشاد نے28رنز دے کر تین وکٹ حاصل کئے۔ قبل ازیں ڈیوڈ وارنر نے میچ جیت کر بولنگ کا فیصلہ کیا ۔ صاحبزادہ فرحان اور ایلکس ہیلز نے چوکوں چھکوں کی بارش کردی اور محض 11 اوورز میں 150 رنز بنا ڈالے۔ ایلکس ہیلز نے اپنی پرانی ٹیم کیخلاف محض 35 گیندیں کھیل کر 88 رنز 8چھکوں اور 6 چوکوں کی مدد سے بنائے ۔ صاحبزادہ فرحان 41 گیندوں پر 73 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، ان کی اننگز میں 9 چوکے اور تین چھکے شامل تھے۔ راسی وین ڈر ڈوسن سات گیندوں پر محض ایک رنز بنا کر چلتے بنے ۔172 رنز کے مجموعی اسکور پر سلمان علی آغا بھی پویلین لوٹ گئے۔ اس موقع پر شاداب خان نے چارج سنبھالا ، وہ 19 گیندوں پر تین چوکوں اور تین چھکوں کی مدد سے 41 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، جبکہ حیدرعلی نے9گیندوں 19 اور بین وارشس نے چار گیندوں 10 رنز پر ناٹ آؤٹ رہے۔ خوش دل شاہ نے 58 اور میر حمزہ نے 41 رنز کے عوض ایک ، ایک وکٹ لی ۔ عباس آفریدی اور عامر جمال نے 51،51، حسن علی نے46 رنز دیے۔