اسلام آباد(فاروق اقدس)پاکستان اور ایران کے مشیران قومی سلامتی کے درمیان ٹیلی فونک رابطہ ہوا ہے، جس میں خطے کی تازہ ترین صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔دونوں جانب سے اس ٹیلیفونک رابطے کی تصدیق ہوئی ہے جبکہ ایران کی سرکاری خبررساں ایجنسی کے مطابق ایرانی سپریم نیشنل سیکورٹی کونسل کے سیکرٹری نے پاکستان کے قومی سلامتی کے مشیر کے ساتھ گفتگو میں دونوں ممالک کے درمیان سیاسی، اقتصادی اور سیکورٹی تعاون کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ ایران اور پاکستان علاقائی امن کو دشمنوں کا کھلونا نہیں بننے دیں گے۔ارنا کے مطابق، علی اکبر احمدیان نے پیر کے روز مشیرِ قومی سلامتی اور ڈی جی آئی ایس آئی لیفٹیننٹ جنرل عاصم ملک کے ساتھ ٹیلی فونک گفتگو میں ایران اور پاکستان کے درمیان سیاسی، اقتصادی اور سیکورٹی تعاون کی خصوصی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک آپسی تعاون کو فروغ دینے کے لئے پرعزم ہیں۔