کوئٹہ (پ ر ) فیڈرل گورنمنٹ ایجوکیشنل انسٹی ٹیوشنز (کینٹونمنٹس و گیریژن) کوئٹہ ریجن میں آپریشن بنیانِ مرصوص کی کامیابی پر یومِ تشکر کی تقریبات جوش و خروش اور قومی جذبے کے ساتھ منائی گئیں، یہ دن ان عظیم قربانیوں کے اعتراف کے طور پر منایا گیا جو ہماری بہادر افواج نے ملک کے تحفظ و استحکام کے لیے دی۔تقریبات کا آغاز تلاوتِ قرآن پاک اور نعتِ رسول مقبول ﷺ سے ہوا، جس کے بعد طلبا و طالبات نے حب الوطنی پر مبنی تقاریر پیش کیں جن میں پاک فوج کے کردار، قربانیوں اور ملک کے دفاع میں ان کی خدمات کو بھرپور انداز میں سراہا گیا۔تقریبات کے دوران مختلف اسکولوں میں ملی نغمے اور خاکے (ٹیبلو) بھی پیش کیے گئے ۔ بچوں نے پاکستان کے پرچم، شہداء اور افواجِ پاکستان کی قربانیوں کو مرکزی خیال بناتے ہوئے مختلف خاکے ترتیب دئیے، جنہیں حاضرین نے بے حد سراہا۔اس موقع پر آپریشن بنیانِ مرصوص کے حوالے سے "آرٹ اور پینٹنگ مقابلوں" کا بھی انعقاد کیا گیا۔ ان مقابلوں میں طلبا و طالبات نے نہایت تخلیقی انداز میں خوبصورت پورٹریٹس، منظر نگاری، اور دفاعی تھیمز پر مبنی پینٹنگز پیش کیں۔ ان فن پاروں میں وطن سے محبت اور افواجِ پاکستان کے لیے جذبات نمایاں تھے۔ مقابلے کے اختتام پر نمایاں کارکردگی دکھانے والے طلبا کو اسناد اور انعامات سے نوازا گیا۔مختلف اسکولوں میں منعقدہ تقریبات میں اسکول پرنسپلز، اساتذہ اور والدین نے شرکت کی۔ مہمان خصوصی نے اپنے خطاب میں طلبا کے جذبے، کارکردگی اور حب الوطنی کو سراہا ۔