• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

چارسدہ،قتل واقدام قتل کے ملزم کو سزائے موت وجرمانہ

پشاور(نیوز رپورٹر) کریمینل ماڈل کورٹ چارسدہ نے قتل اور اقدام قتل کے مقدمے میں نامزد ملزم کو جرم ثابت ہونے پر سزائے موت اور مجموعی طور پر 7لاکھ روپے جرمانہ کی سزاءسنادی ، کیس کا فیصلہ ماڈل کورٹ کے جج شمس الہدیٰ سالار زئی نے جاری کیا ہے ۔ مدعی کی جانب سے کیس کی پیروی محمد سریر خان ، سعید اللہ خان اور تسبیح اللہ شموزئی ایڈوکیٹس نے کی۔ دوران سماعت عدالت کو بتایا گیا کہ ملزم اشرف سکنہ میرہ ترنگزئی چارسدہ نے ذاتی رنجش کی بناءپر فائرنگ کرکے عادل سکنہ اتمانزئی کو قتل جبکہ اپنی اہلیہ کو زخمی کردیا تھا۔ واقعہ 15 دسمبر 2015 کو پیش آیا تھا جس کے بعد تھانہ عمر زئی پولیس نے ملزم کے خلاف قتل اور اقدام قتل سمیت مختلف دفعات کے تحت مقدمہ درج کیا اور تحقیقات مکمل کرکے چالان عدالت میں جمع کرائی گئی جس کے بعد ملزم کاٹرائل شروع کیا گیا۔ دوران ٹرائل مدعی کے وکلاءنے عدالت کو بتایا کہ ملزم کے خلاف ٹھوس شواہد موجود ہیں جس کی بنیاد پر ملزم سزاءکا مستحق ہے جبکہ وکیل صفائی نے بتایاکہ ملزم بے گناہ ہے لہذا اسے بری کیا جائے ۔عدالت نے ٹرائل مکمل ہونے اور جرم ثابت ہونے پر ملزم کو دفعہ 302 کے تحت سزائے موت اور 5 لاکھ روپے جرمانہ ، دفعہ 324 کے تحت 7 سال قید اور 50 ہزار روپے جرمانہ جبکہ دفعہ 337 کے تحت 50 ہزار روپے جرمانے کی سزا سنادی۔ عدالت نے قرار دیا کہ جرمانے کی رقم ادا نہ کرنے کی صورت میں ملزم کو مزید قید میں رکھا جائے۔
پشاور سے مزید