اسلام آباد(نمائندہ جنگ /ایجنسیاں)نائب وزیر اعظم اور وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈارنے بیجنگ میں چین کے وزیر خارجہ وانگ ییچینی حکمران جماعت کے عہدیدار وزیر لیو جیان چاو ودیگر اعلیٰ حکام سے اہم ملاقاتیں کی ہیں ‘چینی وزیر خارجہ وانگ یی کا کہنا ہےکہ چین پاکستان کی قومی خود مختاری اور علاقائی سالمیت کے تحفظ میں ساتھ دے گا جبکہ پاک فوج کے ترجمان لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے کہا ہےکہ پاکستان اور چین دونوں خطے میں امن و استحکام کیلئے کوشاں ہیں‘ شہادت ہمارے لئے اعزاز ہے‘پاکستان پہلے جھکا ہے نہ اب جھکے گا۔ تفصیلات کے مطابق اسحاق ڈار نے منگل کو بیجنگ میں چین کے وزیر خارجہ وانگ یی کے ساتھ تفصیلی مشاورت کی۔ دونوں فریقین نے جنوبی ایشیا کی بدلتی ہوئی صورتحال، پاک چین دوستی کے مستقبل کی سمت اور سی پیک کے دوسرے مرحلہ پر تبادلہ خیال کیا۔ پاکستان اور چین کے درمیان آل ویدر اسٹریٹجک کوآپریٹو پارٹنرشپ اور فولادی دوستی کو سراہتے ہوئے دونوں رہنماؤں نے باہمی دلچسپی کے تمام امور پر مشترکہ خیالات پر اطمینان کا اظہار کیا اور علاقائی امن، ترقی اور استحکام کے لئے دوطرفہ تعاون جاری رکھنے کے پختہ عزم کا اظہار کیا۔