اسلام آباد ( اپنے نامہ نگار سے) راولپنڈی اسلام آباد سمیت ملک کے میدانی علاقوں میں گزشتہ روز دن بھر سورج آگ برساتا رہا ، ہیٹ ویوز کے باعث دن کو گھروں سے نکلنا محال ہو گیا ، محکمہ موسمیات کے مطابق ہیٹ ویوز کا سلسلہ رواں ہفتے کے دوران جاری رہے گا جس کے باعث ملک کے جنوبی علاقوں(سندھ ،جنوبی پنجاب اور بلوچستان) میں دن کا درجہ حرارت معمول سے 4 سے 6 ڈگری سینٹی گریڈ زیادہ رہنے کا امکان ہے جبکہ بالائی علاقوں(وسطی/بالائی پنجاب ،اسلام آباد، خیبرپختونخوا، کشمیر، گلگت بلتستان)میں دن کا درجہ حرارت معمول سے 5 سے 7 ڈگری سینٹی گریڈ زیادہ رہنے کی توقع ہے ۔ گزشتہ روز ملک میں سب سے زیادہ درجہ حرارت سبی48 سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔