اسلام آباد(نمائندہ خصوصی )سینٹ قائمہ کمیٹی برائے اطلاعات نے اپوزیشن کی تقاریر نشر نہ کرنے پر پی ٹی وی سے تفصیلات طلب کر لیں ہے۔ سینیٹ کی قائمہ کمیٹی اطلاعات و نشریات نے سینیٹر سید علی ظفر کی سربراہی میں سرکاری ٹی وی کے ہیڈ کوارٹر کا دورہ کیا، جامع بریفنگ دی گئی،اجلاس کا آغاز کمیٹی کی سفارشات پر عمل درآمد کی صورتحال، خاص طور پر اپوزیشن اراکین کی تقاریر کو نشر نہ کرنے پر ایک وسیع بحث سے ہوئی، سینیٹر سید علی ظفر نے سرکاری ٹی وی پر ان تقاریر کی سنسر شپ پر روشنی ڈالی، انہوں نے کہا کہ جب اس حوالے سے پہلے پوچھا گیا تو وزارت نے اس واقعہ کی اصل وجہ تکنیکی خرابی بتایا۔ انہوں نے سینیٹ کے جاری اجلاس کی فوٹیج بھی دکھائی جس میں ان کی تقریر نشر نہیں کی گئی اور حیرت کی بات یہ ہے کہ جب انہوں نے تقریر شروع کی توسرکاری ٹی وی کا لوگو نظر آتا ہے۔ کمیٹی نے ارکان پارلیمنٹ کی تقاریر کی براہ راست نشریات سے متعلق ایس او پیز کے بارے میں دریافت کیا۔