• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

عاصم منیر نے تاریخ رقم کی، دشمن کا غرور خاک میں ملادیا، فرنٹ سے لیڈ کیا، صدر اور وزیراعظم نے آرمی چیف کو بیٹن آف فیلڈ مارشل عطا کی

اسلام آباد(طاہر خلیل/نمائندہ جنگ )صدر مملکت آصف علی زرداری نے وزیراعظم شہباز شریف کے ہمراہ سید عاصم منیر کو معرکہ حق میں شاندار کامیابی پر "بیٹن آف فیلڈ مارشل" سے نواز دیا ۔ صدرمملکت کا کہناتھاکہ معرکہ حق کے دوران فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے فرنٹ سے لیڈ کیا‘سید عاصم منیر کو فیلڈ مارشل کا اعزاز قابل فخر لمحہ ہے‘پاکستان امن کا داعی ہے لیکن امن کی خواہش کو کمزوری نہ سمجھا جائے‘ہماری افواج وطن کے چپے چپے کا دفاع کرنا جانتی ہیں ‘ہمارے بھر پور جواب نے دنیا پر ہماری صلاحیت ثابت کر دی ہےجبکہ وزیراعظم شہباز شریف نے کہاکہ قوم کے بہادر سپوت فیلڈ مارشل عاصم منیر نے نئی تاریخ رقم کی‘ افواج پاکستان نے دشمن کے غرور کو خاک میں ملادیا‘ دس مئی کو سپہ سالار کی آواز میں بلا کا اعتماد، جوش اور ولولہ تھا ‘پاکستان نے روایتی جنگ میں اپنی برتری ثابت کر دی‘ مودی سرکار اب پاکستان پر حملہ کرنے سے پہلے سو مرتبہ سوچے گی‘انشاء اﷲ قیامت تک جوہری ہتھیاروں کی ضرورت نہیں پڑے گی۔ تفصیلات کے مطابق صدرزرداری نے شہباز شریف کے ہمراہ سید عاصم منیر کو معرکہ حق میں شاندار کامیابی پر "بیٹن آف فیلڈ مارشل" سے نواز دیا۔ جمعرات کو ایوان صدر میں منعقدہ پروقار تقریب میں مسلم لیگ ن کے سربراہ محمد نواز شریف‘ پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری ‘وفاقی وزراء عطاء اللہ تارڑ‘خواجہ محمد آصف ‘پنجاب ‘سندھ ‘ بلوچستان کے وزرائے اعلیٰ‘چاروں صوبائی گورنرز‘ چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی جنرل ساحر شمشاد مرزا ،پاک فضائیہ کے سربراہ ائیر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو ، سربراہ پاک بحریہ ایڈمرل نوید اشرف ، وفاقی کابینہ کے اراکین اور مختلف ممالک کے سفارتکاروں کی کثیرتعداد شریک تھی۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے صدرزرداری کا کہنا تھاکہ پوری قوم کو اپنی بہادر مسلح افواج پر فخر ہے ‘فیلڈ مارشل کا اعزاز دینے کی منظوری پر مجھے بہت مسرت ہوئی ہے ‘معرکہ حق کے دوران فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے فرنٹ سے لیڈ کیا ۔دشمن کے خلاف پوری قوم اپنی بہادر افواج کے شانہ بشانہ تھی ۔اس موقع پر اپنے خطاب میں شہباز شریف کا کہناتھاکہ آپریشن بنیان مرصوص کے دوران قوم کے بیٹے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی قیادت میں پاکستان نے تاریخی کامیابی حاصل کی، انتہائی کم وقت میں جارح دشمن کو اپنے گھٹنوں کے بل جھکنا پڑا اور اسے زندگی بھر کیلئے سبق سکھایا گیا، ہم امن، ترقی اور خوشحالی کیلئے اسی اتحاد اور عزم کے ساتھ آگے بڑھتے رہیں گے۔مسلح افواج نے پاکستان کے دشمن بھارت کے تکبر اور غرور کو خاک میں ملا کر تاریخی کامیابی حاصل کی ہے، اﷲ تعالیٰ کے فضل و کرم سے ہماری مسلح افواج نے نہ صرف ملکی سرحدوں کا دفاع کیا بلکہ دشمن کی سرحدوں کے اندر جا کر جنگ لڑی ۔یہ انتہائی نمایاں کامیابی فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی دلیرانہ اور بے خوف قیادت کے باعث حاصل ہوئی، انہوں نے غیر متزلزل عزم کے ساتھ مسلح افواج کی قیادت کی‘اس بحران کے دوران فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے پرسکون اور متاثر کن قیادت کا مظاہرہ کیا جو کہ بہادری، وژن، یقین، دور اندیشی، نظم و ضبط اور عزم کی عمدہ مثال ہے۔علاوہ ازیں جمعرات کو معرکہ حق کے دوران آزاد کشمیر میں شہید ہونے والے شہریوں کے ورثا میں امدادی رقوم کی تقسیم کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئےوزیراعظم کا کہناتھاکہ9مئی کی رات ہم نے نپا تلا حملہ کرنے کا فیصلہ کیا اور 10مئی کی صبح میری سپہ سالار سے بات ہوئی، انہوں نے بتایا کہ بھارت نے نورخان ایئربیس اور دیگر جگہوں پر میزائلوں سے حملہ کیا ہے، سپہ سالار کی آواز میں بلا کا اعتماد، جوش اور ولولہ تھا اور انہوں نے مجھے کہا کہ بھارت کو ایسا تھپڑ رسید کیا جائے جو قیامت تک اسے یاد رہے، اس کے نتیجہ میں پٹھان کوٹ سے لے کر ان کا کوئی بھی ایئربیس ہمارے شاہینوں کی پہنچ اور میزائلوں کی زد سے باہر نہیں تھا، صبح 9بجے سپہ سالار کا دوبارہ فون آیا کہ انہیں پیغام دیا گیا ہے کہ بھارت سیز فائر یعنی گھٹنے ٹیکنے کیلئے تیار ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان نے 1971ء کی شکست کا بدلہ لے لیا اور اﷲ کا شکر ہے کہ ہمیں نیوکلیئر ہتھیاروں کی دور دور تک ضرورت نہیں پڑی اور نہ ہی انشاء اﷲ قیامت تک پڑے گی۔ وزیراعظم نے کہا کہ اتحاد و اتفاق سے اب ملک کو معاشی طاقت بنانا ہے‘ اتحاد و اتفاق کے ساتھ آگے بڑھیں گے تاکہ دشمن میلی آنکھ سے دیکھنے کی جرأت نہ کر سکے‘دن رات محنت کر کے قرضوں سے بھی چھٹکارا حاصل کریں گے۔میں آج مظفرآباد سے سرینگر کے عوام کو یہ پیغام دینا چاہتا ہوں کہ وہ پاکستان کو کبھی پیچھے نہیں پائیں گے ۔ 

اہم خبریں سے مزید