کراچی (اسٹاف رپورٹر) بھارتی میڈیا نے ایک بار پھر یہ دہائیاں دینا شروع کردی ہیں کہ آئی سی سی ایونٹس میں پاکستان اور بھارت کو ایک گروپ میں نہ رکھنے کیلئے بھارتی کرکٹ حکام نے اپنی کوششیں تیز کردی ہیں۔سالانہ آئی سی سی اس معاملے کو اٹھانے کیلئے بھارتی بورڈ لابنگ کررہا ہے۔ بی سی سی آئی اہلکار کے مطابق بورڈ نے آئی سی سی ایونٹس میں پاکستان کے ساتھ گروپ میں نہ رکھنے کی پلاننگ شروع کردی ہے۔ معاملہ آئی سی سی کانفرس میں زیرِ بحث آنے کا امکان ہے۔اجلاس میں ون ڈے میچز میں دو گیند کے اصول کو ختم کرنے اور انڈر 19 ورلڈ کپ کو ٹوئنٹی 20 فارمیٹ میں تبدیل کرنے کے بارے میں سفارشات آئی سی سی بورڈ کو پیش کی جائیں گی ۔واضح رہے کہ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کا سالانہ اجلاس 17 سے 20 جولائی سنگاپور میں ہوگا۔ اجلاس میں دونوں ٹیموں کو ایک گروپ سے نکالنے سمیت مستقبل میں پاکستان کیخلاف میچز سے متعلق فیصلہ کا بھی امکان ہے۔ گزشتہ کئی برسوں سے آئی سی سی ایونٹس میں پاکستان اور بھارت کو ایک ہی گروپ میں رکھا جاتا ہے تاکہ دونوں ٹیمیں کم از کم 2 بار مدمقابل آسکیں اور انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کا ریونیو بڑھایا جاسکے۔ دونوں ملکوں کے درمیان کئی سال سے کرکٹ سیریز نہیں ہوئی ہے، صرف آئی سی سی ایونٹس میں مدمقابل ہوتے ہیں ۔ موجودہ حالات میں بھارت اور سری لنکا میں شیڈول ٹی20 ورلڈکپ کی مشترکہ میزبانی پر بھی سیاہ بادل منڈلا رہے ہیں۔ آئی سی سی کے نئے چیئرمین جے شاہ کی صدارت میں یہ پہلی سالانہ کانفرنس ہوگی۔