ملتان (سٹاف رپورٹر) اندرون بوہڑ گیٹ کے علاقے میں واقع رہائشی گھر میں موجود آتش بازی کے سامان میں دھماکا،ایک شخص جاں بحق ہو گیا ۔ ریسکیو 1122 کے مطابق انہیں فردوس مسجد کے قریب واقع مکان میں آگ لگنے کی اطلاع موصول ہوئی۔ریسکیو کی اطلاعات کے مطابق آگ شارٹ سرکٹ کے باعث لگی جس نے گھر میں موجود آتش بازی کے سامان کو بھی اپنی لپیٹ میں لے لیا۔ بارودی مواد پھٹنے کے باعث ایک شخص شدید زخمی ہو گیا جس کو نشتر منتقل کیا گیا مگر وہ جانبر نہ ہو سکا جبکہ گھر کے برآمدے کی چھت کا کچھ حصہ بھی منہدم ہو گیا۔ریسکیو حکام کے مطابق 10 منٹ آگ پر قابو پا لیا گیا اور کولنگ کا عمل مکمل کر لیا گیا۔ واقعے کی اطلاع پولیس کو بھی دے دی گئی ہے، جبکہ واپڈا کنٹرول سے متاثرہ علاقے کی بجلی معطل کروا دی گئی ۔موقع پر موجود افراد کے مطابق، گھر میں تین افراد موجود تھے جن میں سے دو محفوظ رہے۔