کراچی (ٹی وی رپورٹ) جیوکے پروگرام ’’آج شاہزیب خانزادہ کے ساتھ‘‘میں میزبان تجزیہ پیش کرتے ہوئے کہاکہ پوری دنیا خضدار واقعہ کی مذمت کررہی ہے مگر بھارتی میڈیا اور سوشل میڈیا اس حملے پر خوشی منا رہا ہے، دنیا میں اس کی کوئی مثال نہیں ملتی کہ بچوں اور عورتوں کے قتل پر خوشیاں منائی جائیں،گولڈن ٹیمپل میں کوئی ایئر ڈیفنس سسٹم نہیں ،غزہ میں اسرائیلی جارحیت اور امداد کی بندش پر مغربی ممالک اور اسرائیل میں سفارتی تناؤ مسلسل بڑھ رہا ہے۔ فرانس برطانیہ اور کینیڈا ، اسرائیل پر پابندیوں کی دھمکی دے رہے ہیں ، ڈی جی آئی ایس پی آر نے حملے کی تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ یہ فتنۃ الہندوستان کا اصل چہرہ ہے خطے میں عدم استحکام کا مرکز ہندوستان ہے۔گولڈن ٹیمپل سے متعلق انہوں نے کہا کہ سکھ مذہب کے اہم مقدس مقامات پاکستان میں ہیں ہم ان کی حفاظت کرتے ہیں بھارت اپنے حاضر سروس افسران کو جھوٹ بولنے پر مجبور کرتا ہے۔ ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ پوری دنیا خضدار واقعہ کی مذمت کررہی ہے مگر بھارتی میڈیا اور سوشل میڈیا اس حملے پر خوشی منا رہا ہے ماڈرن ہسٹری میں دنیا میں اس کی کوئی مثال نہیں ملتی کہ بچوں اور عورتوں کے قتل پر خوشیاں منائی جائیں۔شاہزیب خانزادہ نے کہا کہ بھارت کی جانب سے شروع میں یہ بولا گیا تھا کہ گولڈن ٹمپل پر حملے کے بعد دفاعی سسٹم نے اس کو ناکارہ بنادیا سکھ برادری نے بھی اس کی تردید کی ہے کہ گولڈن ٹمپل میں کوئی ایئر ڈیفنس سسٹم نہیں ہے اور بھارتی میڈیا کے مطابق بھارتی فوج نے بھی وضاحت کردی کہ گولڈن ٹیمپل کے حدود میں کوئی دفاعی سامان لگایا ہے اس حوالے سے میڈیا پر سرکولیٹ کرنے والی خبریں بے بنیاد ہیں۔