اسلام آباد(نمائندہ جنگ)وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ معرکہ حق میں کامیابی کے بعد معاشی میدان میں تاریخ ساز فتح کیلئے حکومت اور پوری قوم پر عزم ہے، حکومت اور نجی شعبے کے اشتراک سے پاکستان انشاء اللہ جلد ایک عالمی معاشی طاقت کے طور پر ابھریگا معاشی خود انحصاری کے حصول کیلئے نجی شعبے کو متحرک کرنے کی ضرورت ہے،پاکستانی کاروباری برادری کے حقوق کا تحفظ اور انہیں منافع بخش کاروبار کے لیے سازگار ماحول فراہم کرنا حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے، چھوٹے و درمیانے درجے کے کاروبار کو فروغ دینے کیلئے حکومت متعدد اقدامات لے رہی ہے کاروبار کی لاگت کم کرنے کیلئے آسان کاروبار کی پالیسی پر عملدرآمد کررہے ہیں، کاروباری قرضوں کے حصول میں آسانی اور بجلی کی قیمتوں کمی جیسے اقدامات لئے جا رہے ہیں ، ملک بھر کے چیمبر آف کامرس کے صدور کے وفد سے ملاقات کے دوران وزیر اعظم نے کہا کہ ٹیکس چوری قطعاً قابل قبول نہیں ہے اور اسکے تدارک کے لیے تمام اقدامات لیے جائیں گے ملکی صنعتوں میں جدید ٹیکنالوجی متعارف کرنے کی ضرورت ہے۔