• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

قلندرز کا جادو چل گیا، سپر لیگ کا تاج لاہور کے سر، شاہین کی قیادت میں تیسرا ٹائٹل

کراچی (عبدالماجد بھٹی)قلندرز کا جادو چل گیا، لاہور نے پاکستان سپر لیگ 10 کے سنسنی خیز فائنل میں 201 رنز کا ریکارڈ ہدف عبور کرکے تیسری بار چیمپئن بننے کا اعزاز حاصل کرلیا۔ قذافی اسٹیڈیم لاہور میں 34 ہزار تماشائیوں کے سامنے سری لنکن بیٹر کوشال پریرا اور آل راؤنڈر سکندر رضا کی ناقابلِ یقین اننگز نےایک گیند قبل چھ وکٹوں سے فتح دلائیآخری تین اوورز میں درکار 47 رنز کے تعاقب میں دونوں نے صرف 23 گیندوں پر 59 رنز کی شاندار شراکت قائم کرکے تاریخ رقم کی۔ صدرِ پاکستان آصف علی زرداری فائنل کے مہمانِ خصوصی تھے، جیت کے بعد قذافی اسٹیڈیم آتش بازی اور نعروں سے گونج اُٹھا۔ شاہین آفریدی کی قیادت میں قلندرز نے چار سال میں تیسری بار پی ایس ایل کا تاج اپنے سر سجایا۔ دوسری جانب کوئٹہ گلیڈی ایٹرز، جو حسن نواز اور فہیم اشرف کی جارحانہ بیٹنگ کی بدولت 201 رنز کا بڑا اسکور سیٹ کرچکے تھے، ایک بار پھر فائنل میں ناقص بولنگ کے باعث شکست سے دوچار ہوئے۔ قلندرز کو خوبصورت ٹرافی کے علاوہ پانچ لاکھ ڈالرز کا انعام ملا۔ اتوار کی شب فائنل میں پریرا نے31گیندوں پر62نا قابل شکست رنز بنائے جس میں چار چھکے اور پانچ چوکے شامل تھے۔ سکندر رضا گراؤنڈ میں ٹاس سے دس منٹ پہلے پہنچے اور سات گیندوں پر دو چھکوں اور دو چوکوں کی مدد سے ناقابل شکست پر22 رنز بنائے ۔ پی ایس ایل کی تاریخ میں پہلی بار فائنل میں کسی ٹیم نے201رنز کا بڑا ہدف عبور کیا۔ تماشائی سڑکوں پر جشن مناتے ہوئے گھر گئے۔ مشکل ہدف کے تعاقب میں قلندرز کو اننگز کے آغاز میں فخر زمان کی وکٹ کا نقصان برداشت کرنا پڑا۔ ابرار نے انہیں11رنز پر ایل بی ڈبلیو کردیا۔ محمد نعیم نے 27گیندوں پر46رنز چھ چھکے اور ایک چوکالگاکر بنائے ۔ عبداللہ شفیق 28 گیندوں پر41رنز کی اننگز کھیل کر عثمان طارق کا شکار بنے انہوں نے چھ چوکے اور ایک چھکا مارا۔ عثمان طارق نے 38 اور ابرار احمد نے27رنز کے عوض ایک، ایک وکٹ لی۔ راجا پاکسے 14رنز بناسکے۔ سکندر رضا نے کریز پر آتے ہی عامر کو ایک چھکا اور ایک چوکا مارا ۔ آخری دو اوورز میں31رنز کی ضرورت تھی۔ عامر نے آخری اوور میں18 رنز دیدیے ۔ ان کے چار اوورزمیں 41رنز بنے۔ قبل ازیں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے ٹاس جیت کر بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا ہے اور حسن نواز اور فہیم اشرف کی جارحانہ بیٹنگ کی بدولت 8 وکٹ پر 201 رنز بنائے۔ حسن نواز نے43 گیندوں پر 4 چھکوں ، 8 چوکوں کی مدد سے 76 رنز بنائے۔

اہم خبریں سے مزید