اسلام آباد( نیوز رپورٹر)وفاقی وزیر داخلہ سید محسن رضا نقوی اور چیئرمین سی ڈی اے/چیف کمشنر اسلام آباد محمد علی رندھاوا کی ہدایت کے مطابق سی ڈی اے نے اسلام آباد کیپیٹل ٹیریٹری (آئی سی ٹی) کی حدود میں غیر قانونی/غیر مجاز سوسائٹیز اور غیر قانونی عمارتوں کے خلاف اپریشن کا آغاز کردیا ۔ اس سلسلے میں پیر 26 مئی 2025 کو پاک پی ڈبلیو ڈی ایمپلائز کوآپریٹیو ہاؤسنگ سوسائٹی، لوہی بھیر زون-پانچ، اسلام آباد کے مختلف مقامات پر آپریشن کیا گیا جن میں غیر مجاز عمارتوں/کمرشل آؤٹ لیٹس کو سیل کیا گیا۔ یہ آپریشن سی ڈی اے کی ڈائریکٹوریٹ جنرل آف بلڈنگ اینڈ ہاؤسنگ کنٹرول، انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ، سی ڈی اے، آئی سی ٹی انتظامیہ اور اسلام آباد پولیس کے باہمی تعاون سے کیا گیا۔ گزشتہ روز پہلے مرحلہ میں سی ڈی اے آرڈیننس 1960 اور بلڈنگ کنٹرول ریگولیشنز 2020 (ترمیم شدہ 2023) کے تحت کیا گیا۔ سیل کی گئی عمارتیں بلڈنگ پلانز کی عدم منظوری، غیرمجاز کمرشل استعمال، تکمیلی سرٹیفکیٹ کے بغیر غیر قانونی قبضے اور متعلقہ جرمانوں/فیسز کی عدم ادائیگی کی وجہ سے قوانین کی خلاف ورزی پر پائی گئیں۔