اسلام آباد( خصوصی نامہ نگار )پاکستان مسلم لیگ (ن) کے پارلیمانی لیڈر اور سینیٹ خارجہ امور کمیٹی کے چیئرمین سینیٹر عرفان صدیقی نے کہاہے کہ ’’اگر پی ٹی آئی ٹھوس منڈیٹ اور یقین دہانیوں کے ساتھ مذاکرات کرنا چاہتی ہے تو ہم تیار ہیں۔میڈیا سے گفتگو کرتےہوئے سینیٹر عرفان صدیقی نے کہا کہ عمران خان کے جیل میں ہونے کے باوجود ’’نہ تو سیاسی عمل رکا ہے اور نہ ہی معیشت کا پہیہ جام ہوا ہے۔‘‘ بانی پی ٹی آئی کے ٹیسٹ کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ یہ معاملہ عدالتی کارروائی کا حصہ ہے، جس کی پاسداری ہر صورت میں ہونی چاہیے۔’’عمران خان کو اپنی رہائی کے لیے عدالتی عمل سے گزرنا ہوگا۔‘‘ انہوں کہا کہ ’’پی ٹی آئی نے آئی ایم ایف کو خطوط لکھ کر ملک کو معاشی بحران میں دھکیلنے کی کوشش کی۔ عرفان صدیقی نےکہا کہ ’’ہم نے نہ صرف بھارت کے ساتھ جنگ جیتی ہے بلکہ سفارت کاری کے میدان میں بھی بہترین مہارت کا ثبوت دیا ہے۔اسے فوجی بجٹ نہیں بلکہ ملکی سلامتی اور قومی دفاع کا بجٹ کہنا چاہیے جس میں اضافہ ناگزیر ہے۔عرفان صدیقی نے کہا کہ نواز شریف پوری طرح حکومت میں موجود ہیں۔