اسلام آباد ( نمائندہ جنگ)سینیٹ میں پاکستان مسلم لیگ (ن) کے پارلیمانی پارٹی لیڈر اور خارجہ امور کی قائمہ کمیٹی کے سربراہ سینیٹر عرفان صدیقی نے کہا ہے کہ عمران خان سے کسی کا کوئی رابطہ ہوا ہے نہ ہی کوئی بات چیت ہو رہی ہے۔ پی ٹی آئی بس خواب دیکھ رہی ہے، ان کی کال پر کوئی باہر نہیں نکلے گا، پی ٹی آئی انتشار اور مذاکرات کے مداروں میں چکر کھا رہی ہے۔منگل کو نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے اس سوال کہ علیمہ خان نے کچھ لو اور کچھ دو کی بنیاد پر بات آگے بڑھانے کی پیشکش کی ، عرفان صدیقی نے کہا کہ حکومت تو شاید عمران خان کو بہت کچھ دینے کی پوزیشن میں ہے، عمران خان کیا دے سکتے ہیں؟ وہ کچھ دینے کی پوزیشن میں ہے ہی نہیں۔مذاکرات کے سوال پر انہوں نے کہا کہ پہلے یہ طے کر لیں بات کرنی ہے؟ کس نے کرنی ہے؟ اور کس سے کرنی ہے؟ ان میں ابھی یہ فیصلہ بھی نہیں ہوا۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی تحریک عدم اعتماد لائے، ہمارے تو نہیں پی ٹی آئی کے مزید لوگ ضرور کم ہو جائیں گے۔