• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

جنید صفدر کا رشتہ نواز شریف کے قریبی رشتہ دار کی پوتی سے طے

لندن (مرتضیٰ علی شاہ) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے صاحبزادے جنید صفدر کا رشتہ لاہور میں سابق وزیراعظم نواز شریف کے قریبی رشتہ دار کی پوتی سے طے پا گیا ہے۔ جیو نیوز کو شریف خاندان کے تین ذرائع نے تصدیق کی کہ جنید صفدر کا رشتہ جاوید شفیع کی پوتی سے طے ہوا ہے۔ جاوید شفیع، نواز شریف کے چچا زاد بھائی اور قریبی ساتھی ہیں، جو میاں طارق شفیع کے بیٹوں اور شریف خاندان کے دیگر افراد کے ساتھ اتفاق گروپ انڈسٹریز چلا رہے ہیں۔ جنید صفدر کا رشتہ 48سالہ عثمان جاوید کی بیٹی سے طے ہوا ہے، جو میاں جاوید شفیع کے صاحبزادے ہیں اور ماڈل ٹاؤن لاہور میں مقیم ہیں۔ ذرائع کے مطابق دونوں خاندانوں کے افراد میاں نواز شریف، مریم نواز شریف اور میاں جاوید شفیع نے بدھ کے روز ماڈل ٹاؤن میں ملاقات کی، جہاں رسمی معاملات طے پا گئے۔ رشتہ طے ہو گیا ہے اور ان شاء اللہ جلد منگنی ہو گی۔ نکاح اور منگنی کی تقریب کے لیے دونوں خاندان باہمی مشاورت سے تاریخ کا تعین کریں گے۔ یہ جنید صفدر کی دوسری شادی ہو گی۔ اس سے قبل ان کی شادی عائشہ سیف سے ہوئی تھی، جو قطر کے صنعت کار سیف الرحمان خان کی بیٹی ہیں۔ اس جوڑے کی باہمی رضا مندی سے اکتوبر 2023ء میں علیحدگی ہو گئی تھی۔ جنید کی پہلی شادی 2021ء میں لندن کے نائٹس برج علاقے کے معروف ہوٹل ’دی لینزبرو‘ میں ہوئی تھی، اُس وقت نواز شریف جلا وطنی میں تھے۔ اکتوبر 2023ء میں جنید صفدر نے لندن سے مکمل طور پر پاکستان منتقل ہو کر اپنی والدہ کی معاونت شروع کی۔ جنید صفدر کیمبرج یونیورسٹی کے فارغ التحصیل ہیں اور برطانیہ کی یونیورسٹیوں سے دو ماسٹرز اور دو بیچلرز ڈگریاں حاصل کر چکے ہیں۔

اہم خبریں سے مزید